رسائی کے لنکس

تحریک انصاف کے اراکین کا احتجاج، قراردادوں پر رائے شماری پھر مؤخر


اُدھر پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے ایوان سے واک آوٹ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ان قراردادوں پر فیصلہ نہیں ہو جاتا پارٹی ایوان میں واپس نہیں آئے گی۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کی قومی اسمبلی سے رکنیت ختم کرنے کے لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی جانب سے جمع کرائی گئی، قراردادوں پر رائے شماری جمعرات تک مؤخر کر دی ہے۔

اُدھر شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے ایوان سے واک آوٹ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ان قراردادوں پر فیصلہ نہیں ہو جاتا پارٹی ایوان میں واپس نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے اراکین کے سوا کسی اور سیاسی جماعت نے تحریک انصاف کی ایوان میں واپسی پر تشویش کا اظہار نہیں کیا۔

شاہ محمود قریشی نے اپنی پارٹی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے انتخابات میں دھاندلی کے مسئلے پر ہر دروازہ کھٹکھٹایا مگر جب اس کی شنوائی نہ ہوئی تو اس نے دھرنے کا راستہ اختیار کیا۔

مرکز میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جمعیت علمائے اسلام (ف) اور حزب مخالف کی جماعت ’ایم کیو ایم‘ نے پارلیمان کے باہر احتجاجی دھرنے کے دوران قومی اسمبلی کے اجلاسوں سے مسلسل غیر حاضر رہنے والے تحریک انصاف کے اراکین کو ’ڈی سیٹ‘ کرنے کے لیے قرار دادیں ایوان میں جمع کرا رکھی ہیں۔

یہ قراردادیں آئین کے آرٹیکل 64 کی شق دوئم کے تحت پیش کی گئی تھیں جس میں کہا گیا ہے کہ جو رکن بغیر چھٹی کی درخواست کے اسمبلی سے مسلسل 40 دن غیر حاضر رہے گا اس کی رکنیت ختم ہو جائے گی۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے منگل کو ایوان کی کارروائی کے دوران مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی اراکین اور قانون سازوں سے صلاح مشورے کے لیے قراردادوں پر رائے شماری کو کچھ دن کے لیے مؤخر کیا جائے۔

انہوں کہا کہ اگر حکومت اور دیگر ساسی جماعتیں انہیں اپنی قرارداد واپس لینے کے لیے قائل کرنے میں کامیاب ہو گئیں تو وہ اسے واپس لے لیں گے۔

تاہم ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آئین کی پاسداری کے بغیر جمہوریت کو مستحکم نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعظم نواز شریف نے حکومت میں شریک جمعیت علمائے اسلام (ف) اور حرب اختلاف کی جماعت متحدہ قومی موومنٹ سے کہا ہے کہ وہ تحریک انصاف کے ارکان کی رکنیت کالعدم قرار دینے سے متعلق اپنی قراردادیں واپس لیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کا بھی یہی مؤقف ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو ایوان میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔

XS
SM
MD
LG