رسائی کے لنکس

پاکستان میں 100 میگاواٹ کے شمسی توانائی منصوبے کا افتتاح


100 میگاواٹ کے اس آزمائشی منصوبے پر 15 ارب روپے کی لاگت آئی اور اسے 11 ماہ کی مدت میں مکمل کیا گیا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع بہاولپور میں سورج کی روشنی سے بجلی کی پیداوار کے پہلے منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

قائداعظم سولرپارک نامی اس منصوبے سے پہلے مرحلے میں 100 میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی ہے، جسے بتدریج بڑھا کر 1000 میگاواٹ تک کیا جائے گا۔

شمسی توانائی کا یہ منصوبہ ملک میں ’سولر پاور‘ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے منگل کو بہاولپور میں اس منصوبے کا افتتاح کیا۔

100 میگاواٹ کے اس آزمائشی منصوبے پر 15 ارب روپے کی لاگت آئی اور اسے 11 ماہ کی مدت میں مکمل کیا گیا۔

اس منصوبے کے دوسرے مرحلے میں شمسی توانائی کے ذریعے 900 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔

پاکستان کو توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے کہا اُن کی حکومت اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ 2018ء تک ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پا لیا جائے گا۔

پاکستان میں پانی اور تیل سے بجلی کی پیداوار کے علاوہ اب شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

امریکہ بھی پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے اعانت فراہم کرتا آرہا ہے جس میں بجلی گھروں کی استعداد کار بڑھانے کے علاوہ بجلی کے ترسیل کے نظام کو فعال بنانے کے لیے اقدامات بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG