رسائی کے لنکس

2014ء میں پاکستان اور کھیلوں کے میدان


فائل
فائل

رواں سال کے دوران مختلف کھیلوں کے میدانوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی پر ایک نظر

کرکٹ کے میدان اور اسکواش کورٹس سے 2014ء میں پاکستان کے لیے زیادہ اچھی خبریں تو نہ آسکیں، لیکن ہاکی، کبڈی اور جوڈو کے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی پیش کی۔

اس عرصے کے دوران پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن میں دو دھڑے بننے کے سبب ایک وقت ایسا بھی آیا جب پاکستان پر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا۔ رواں سال کے دوران مختلف کھیلوں کے میدانوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی پر ایک نظر:

ہاکی

پاکستان کا قومی کھیل ہاکی 2014ء میں اپنی تابندہ روایات کی جانب لوٹتا نظر آیا۔ سال کے دوران پاکستان کی ہاکی ٹیم نے صرف دو بین الاقوامی ایونٹس میں حصہ لیا لیکن نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی نے پاکستان ہاکی کے سنہری دور کی یادیں تازہ کردیں۔

پاکستان کے لیے 2014ء میں پہلا ایونٹ ایشین گیمز تھا جس میں پاکستان نے اپنے اعزاز کا بھرپور دفاع کیا۔ راؤنڈ میچوں میں بھارت اور دیگر ٹیموں کو شکست دی، اور فائنل تک رسائی حاصل کی ۔جہاں مقابلہ پھر روایتی حریف بھارت سے ہوا۔ دلچسپی اور سنسنی سے بھرپور فائنل کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کرکے ایشین گیمز کاٹائٹل جیت لیا۔

چیمپئنز ٹرافی سال کا دوسرا اہم ایونٹ تھا جس میں پاکستانی ٹیم قوم کی توقعات پر پورا اتری۔ بھارت میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا۔پاکستان کو پہلے میچ میں بیلجئم نے ہرایا۔ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے دوکے مقابلے میں آٹھ گول داغ دیے۔آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بھی فتح نہ ملی۔

پاکستان کی خوش قسمتی رہی کہ چیمپئنز ٹرافی کے فارمیٹ کی بدولت ابتدائی میچز ہارنے کے باوجود گرین شرٹس کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔جہاں نوجوان کھلاڑیوں نے جان ماری اور عالمی نمبر دو نیدرلینڈز کو شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔

سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو اس کی اپنی سرزمین پر شکست دے کر 16 سال بعد چیمپئنز ٹرافی کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔فائنل میں جرمنی سے شکست ہوئی اور پاکستان نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

جشن پر تنازع
چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار کامیابی کا جشن منانا پاکستانی کھلاڑیوں کو مہنگا پڑا۔ پہلے 'انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ' نے کھلاڑیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کا بیان جاری کیا۔ لیکن بعد ازاں قومی ٹیم کے دو کھلاڑیوں کے ایک، ایک میچ کھیلنے پر پابندی لگادی جب کہ ایک کو صرف 'وارننگ' دے کر چھوڑدیا۔

اہم ایونٹس سے محرومی
پاکستان ہاکی کے لیے 2014ء کا آغاز کچھ زیادہ خوشگوار نہ تھا۔ گرین شرٹس ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کرسکے اور ہاکی کا عالمی ایونٹ پاکستان کے بغیر ہی منعقد ہوا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ پاکستان ہاکی ورلڈ کپ میں حصہ نہیں لے سکا۔

گلاسگو میں کامن ویلتھ گیمز ہوئے لیکن اولمپک ایسوسی ایشن کے لڑائی جھگڑے کے باعث پاکستان ایونٹ میں شریک نہ ہوسکا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 2014ء کے دوران فنڈز کی کمی کا بھی سامنا رہا جس کی وجہ سے پاکستان کی ہاکی ٹیم کسی ملک کے خلاف کوئی سیریز بھی نہیں کھیل سکی ۔ پاکستان کے خراب حالات کے باعث کسی غیر ملکی ہاکی ٹیم نے بھی اس عرصے کے دوران پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔

کارکردگی
قومی ہاکی ٹیم نے 2014ء میں 12میچ کھیلے۔ سات میں پاکستان کو کامیابی ملی جب کہ چار میچوں میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ان میچوں میں پاکستان نے 38 گول کیے جب کہ پاکستان کے خلاف 22 گول ہوئے۔

کبڈی

پاکستان نے 2014ء میں کبڈی کے میدان میں بھی کامیابیاں سمیٹیں۔ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کبڈی کے فائنل میں میزبان ٹیم سے دلچسپ مقابلے کے بعد قومی کبڈی ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے اس مقابلے میں منتظمین پر بدسلوکی کے الزامات بھی عائد کیے۔

تھائی لینڈ میں ہونے والے ایشین بیچ گیمز میں بھی پاکستان نے کبڈی میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ایونٹ کے فائنل میں ایران نے پاکستان کو چت کیا۔لاہور میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں پاکستان نے بھارت کو ہراکر سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

کامن ویلتھ گیمز

رواں سال اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہونے والے 'کامن ویلتھ گیمز' میں پاکستان نے تین چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا۔

باکسنگ ایونٹ میں 52 کلوگرام کی فائٹ میں محمد وسیم نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔جوڈو کے 100کلوگرام ایونٹ میں شاہ حسین شاہ نے چاندی کا تمغہ جیتا ۔ ریسلنگ کے مقابلوں میں 74 کلوگرام کیٹگری میں قمر عباس نے چاندی اور 57 کلوگرام کیٹگری میں اظہر حسین نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

ایشین گیمز

رواں سال جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین گیمز میں پاکستانی دستے نے مایوس کن کارکردگی پیش کی۔پاکستان اسکواش کے لیے یہ پہلا موقع تھا جب ٹیم کوارٹر فائنلز سے آگے نہ جاسکی اور اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔صرف خواتین کرکٹ ٹیم نے پاکستان کی لاج رکھی اور ایشین گیمز کے کرکٹ فائنل میں فتح یاب ہوکر سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

فیلڈ ہاکی ایونٹ میں پاکستانی ٹیم نے چاندی کا تمغہ سینوں پر سجایا۔ووشو، کبڈی اور باکسنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔

XS
SM
MD
LG