رسائی کے لنکس

تیسرا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو 135 رن سے ہرادیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے تھے۔ جواباً سری لنکا کی پوری ٹیم 42 اوورز میں صرف 181 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں میزبان سری لنکا کو 135 رن سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل کرلی ہے۔

اتوار کو کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے تھے۔

جواباً سری لنکا کی پوری ٹیم 42 اوورز میں صرف 181 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی بیٹنگ کے دوران بارش جب کہ سری لنکا کی اننگز کے دوران تماشائیوں کی ہنگامہ آرائی کے باعث میچ دو بار روکنا پڑا۔

سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ چھٹے اوور سے شروع ہوا جو میچ کے اختتام تک جاری رہا۔ نصف سینچری بنانے والے لہیرو تھری مان کے علاوہ سری لنکا کا کوئی بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔ تھری مان 56 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 29 رن دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انور علی اور عماد وسیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ شروع کی تو ابتدائی بلے بازوں احمد شہزاد اور کپتان اظہر علی نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا لیکن دونوں ہی اپنی نصف سینچریاں اسکور نہ کر سکے۔ احمد شہزاد 44 اور اظہر علی 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد حفیظ اور سرفراز احمد نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے میں قابل ذکر کردار ادا کیا۔ دونوں نے بالترتیب 54 اور 77 رنز اسکور کیے۔

شعیب ملک اور محمد رضوان نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مجموعی اسکور کو 316 رنز تک لے گئے۔ شعیب 42 اور رضوان 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی طرف سے مالنگا اور پاتھیرانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جب کہ سرفراز احمد اور اظہر علی رن آؤٹ ہوئے۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد پاکستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا چوتھا میچ 22 جولائی کو کولمبو میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG