رسائی کے لنکس

محمد حفیظ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے مستعفی


محمد حفیظ ( فائل فوٹو )
محمد حفیظ ( فائل فوٹو )

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن وہ ٹیم کی بری کارکردگی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دے رہے ہیں۔

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے عالمی کپ میں ٹیم کی خراب کارکردگی پر مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کی نائب کپتانی سے بھی استعفیٰ دے رہے ہیں۔

بنگلہ دیش میں ہونے والے پانچویں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم نہ صرف پہلی مرتبہ سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکی بلکہ سپر ٹین مرحلے میں اسے دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 84 رنز کی "عبرتناک" شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

پاکستان ٹیم اس ٹورنامنٹ میں روایتی حریف بھارت سے بھی میچ ہار گئی تھی۔

جمعرات کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن وہ ٹیم کی بری کارکردگی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دے رہے ہیں۔

اس سے قبل بنگلہ دیش سے وطن واپسی پر آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست کی وجہ ہدف کے تعاقب میں کھلاڑیوں کی "منفی سوچ" تھی۔

شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ آیا وہ ٹیم کی دوبارہ قیادت سنبھالنا چاہیں گے، تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر چیلنج کو قبول کرنے کو تیار ہیں۔
XS
SM
MD
LG