رسائی کے لنکس

پہلا ٹوئنٹی20: انگلینڈ نے پاکستان کو 14 رن سے ہرادیا


انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات سیم بلنگز کی جارحانہ بلے بازی رہی جنہوں نے 25 گیندوں پر 53 رن بنائے اور 'مین آف دی میچ' قرار پائے۔

دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹوئنٹی20 میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 14 رن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی ہے۔

جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 160 رن بنائے۔

انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات سیم بلنگز کی جارحانہ بلے بازی رہی جنہوں نے 25 گیندوں پر 53 رن بنائے اور 'مین آف دی میچ' قرار پائے۔ آئن مورگن نے 38 گیندوں پر 45 رن اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے اپنا پہلا ٹوئنٹی 20 میچ کھیلنے والے جیمز ونس نے 41 رن اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے دو، اور انور علی اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواباً پاکستان کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 146 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔

قومی ٹیم کو برطانوی بالروں کے ہاتھوں ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

پاکستان کا کوئی بلے باز بھی جم کر بیٹنگ نہ کرسکا۔ سہیل تنویر 22 گیندوں پر 25 رن بنا کے ٹاپ اسکورر رہے جب کہ صہیب مقصود نے 24 رن بنائے۔انور علی نے 20 جب کہ اپنا پہلا ٹی20 میچ کھیلنے والے اوپنر رفعت اللہ مہمند 16 رن بناسکے۔

انگلینڈ کی جانب سے رِیس ٹاپلے اور لیام پلنکیٹ نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ اسٹیفن پری نے اور معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد انگلینڈ کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ جمعے کو دبئی جب کہ تیسرا میچ اتوار کوپیر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والی چار ایک روزہ میچوں کی سیریز انگلینڈ نے 1-3 سے جب کہ تین ٹیسٹ کی سیریز پاکستان نے 0-2 سے اپنے نام کی تھی۔

XS
SM
MD
LG