رسائی کے لنکس

آخری ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 68 رنز سے شکست دیدی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی خراب کارکردگی کے برعکس کیویز بلے بازوں نے کھیل کے آغاز سے ہی پراعتماد بیٹنگ کی اور جم کر پاکستانی بالروں کا سامنا کیا۔

نیوزی لینڈ نے پانچویں اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کو 68 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-3 سے جیت لی ہے۔

جمعہ کو ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔

جواباً پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر پرفارم کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 44 ویں اوور میں 207 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے حارث سہیل 65 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ احمد شہزاد نے 54 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 30 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جب کہ مک کیلم نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان بلے بازوں کی خراب کارکردگی کے برعکس کیویز بلے بازوں نے کھیل کے آغاز سے ہی پراعتماد بیٹنگ کی اور جم کر پاکستانی بالروں کا سامنا کیا۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ولیم سن نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جنہیں شاہد آفریدی کی گیند پر سرفراز احمد نے وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کیا۔

دوسرے نمایاں بلے باز ٹیلر تھے جنہوں نے 88 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی۔

پاکستان کی طرف سے محمد عرفان نے دو جب کہ ذوالفقار بابر اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی اس سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے تین وکٹوں سے جیتا تھا جب کہ دوسرے میچ میں اسے چار وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تیسرے میچ میں میزبان ٹیم نے 147 رنز کے بڑے فرق سے فتح حاصل کی تھی جب کہ چوتھا میچ سات رنز کی جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ کے حصے میں آیا تھا۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر رہی تھی۔

XS
SM
MD
LG