رسائی کے لنکس

ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پاکستان کو 'بدترین' شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کو فتح کے لیے 311 رنز درکار تھے لیکن اس کی ٹیم نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پوری ٹیم 39 اوورز میں 160 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز نے ورلڈ کپ پول بی کے ایک میچ پاکستان کو 150 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اس میگا ایونٹ میں پاکستان کی یہ دوسری مسلسل ناکامی جب کہ ویسٹ انڈیز کی پہلی فتح تھی۔

پاکستان کو فتح کے لیے 311 رنز درکار تھے لیکن اس کی ٹیم نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پوری ٹیم 39 اوورز میں 160 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

کرائسٹ چرچ میں ہفتہ کو پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

ویسٹ انڈیز کی ابتدا گو کہ اچھی نہیں رہی اور اس کی پہلی وکٹ صرف 17 کے مجموعی اسکور پر گرچکی تھی لیکن پھر بلے بازوں نے پاکستانی بالروں کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا۔

میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی فیلڈنگ بھی مایوس کن رہی اور انھوں نے کئی اہم کیچ بھی چھوڑے۔

رام دین 51 اور سمسن 50 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ خصوصاً آخری اوورز میں ویسٹ انڈین بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں اپنے اسکور کو 310 رنز تک لے گئے۔

پاکستان صرف چھ حریف وکٹیں ہی حاصل کر سکا جس میں سے حارث سہیل کے حصے میں دو جب کہ محمد عرفان، سہیل خان اور وہاب ریاض کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے باز بری طرح ناکام نظر آئے اور صرف ایک کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے چار کھلاڑی آوٹ ہوگئے۔ ابتدائی بلے باز ناصر جمشید پہلی ہی گیند پر آوٹ ہوئے۔

احمد شہزاد ایک جب کہ یونس خان اور حارث سہیل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے اور کپتان مصباح الحق صرف سات رنز بنا سکے۔

محض 25 رنز پر پاکستان کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں کہ پھر صہیب مقصود، عمر اکمل اور شاہد آفریدی نے قدرے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کو ہدف کی طرف لے جانے میں کردار ادا کیا۔

لیکن صہیب اور عمر کی نصف سینچریاں بھی مددگار ثابت نہ ہوسکیں اور پوری ٹیم 160 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے ٹیلر اور رسل نے تین، تین جب کہ بین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہولڈ اور سیمی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

رسل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کی شکست پر شائقین کرکٹ کا شدید ردعمل
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:03 0:00

کرکٹ کے حلقے پہلے ہی پاکستان کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے چلے آرہے تھے لیکن اس میچ میں باولنگ، فیلڈنگ اور پھر بلے بازی کے شعبے میں پاکستان کی کارکردگی کو لے کر ذرائع ابلاغ میں ٹیم کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پنے پہلے پول میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا تھا۔

پاکستان اب اپنا اگلا میچ یکم مارچ کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گا۔

ادھر پول اے کی ٹیموں بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر کے دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG