رسائی کے لنکس

پاکستان اور یمن کے درمیان فٹ بال ورلڈکپ کوالیفائنگ میچ ملتوی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فیفا نے کہا ہے کہ وہ ایشین کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوسرے مرحلے کا یہ میچ کسی غیر جانبدار جگہ کرانے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کرے گی۔

فٹ بال کی عالمی تنظیم 'فیفا' نے لاہور میں پاکستان اور یمن کے درمیان ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ کو سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ملتوی کر دیا ہے۔

2018 فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان اور یمن کے درمیان کوالیفائنگ میچ منگل کو ہونا تھا۔

اتوار کو لاہور میں یوحنا آباد کے علاقے میں دو مسیحی عبادت خانوں کے باہر بم دھماکوں سے 16 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے باعث شہر میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

ان حملوں کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کی تھی۔ حملوں کے بعد لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مسیحیوں کی جانب سے مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جس میں مشتعل مظاہرین نے سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا، پولیس والوں کو مارا پیٹا اور دو افراد پر دہشت گردی کے شبہ میں تشدد کیا جس سے وہ ہلاک ہو گئے اور ان کی لاشوں کو مشتعل ہجوم نے نذر آتش کر دیا۔

فیفا نے کہا ہے کہ وہ ایشین کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوسرے مرحلے کا یہ میچ کسی غیر جانبدار جگہ منعقد کروانے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کرے گی۔

پہلے مرحلے کا میچ پچھلی جمعرات یمن نے 1-3 سے جیت لیا تھا۔

XS
SM
MD
LG