رسائی کے لنکس

پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت: مبصرین


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کا شمار بھی دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں غربت کی شرح انتہائی زیادہ ہے موجودہ اقتصادی سروے کے مطابق پاکستان کی آبادی کا پچاس فیصد حصہ غربت کا شکار ہے۔

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی جمعہ کو غربت کے خاتمے کا عالمی دن منایا گیا، جس کا مقصد دنیا بھر میں غربت کے خاتمے کی جانب توجہ مبذول کروانا ہے۔

پاکستان کا شمار بھی دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں غربت کی شرح انتہائی بلند ہے، حالیہ اقتصادی سروے کے مطابق پاکستان کی آبادی کا پچاس فیصد حصہ غربت کا شکار ہے۔

غربت کے خاتمے کے عالمی دن کےحوالے سے ماہر معاشیات پروفیسر توصیف احمد کا وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ملک میں غربت سے مذہبی انتہا پسندی اور معاشرے میں انتشار کی فضامیں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس سے ملک میں امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہو رہی ہے۔

بقول ان کے غربت ایک ایسی کیفیت ہے جس نے لوگوں کو مایوسی میں مبتلا کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’ملک میں غیر ریاستی سطح پر زکوۃ اور فنڈز کی تقسیم کے اقدامات تو کیے جا رہے ہیں مگر غربت کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی جس کے باعث خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ خصوصاً دیہی علاقوں میں انتہائی غربت ہے جو ملک کے لیے ایک سنگین صورتحال ہے۔‘‘

اُنھوں نے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس کے لیے خاص طور چھوٹی صنعتیں مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔

غربت کے خاتمے کا عالمی دن 1993 سے ہر سال سترہ اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG