رسائی کے لنکس

ظہیر عباس نے آئی سی سی کی صدارت سنبھال لی


ظہیر عباس (فائل فوٹو)
ظہیر عباس (فائل فوٹو)

ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو اس کھیل میں لوگوں کی دلچسپی زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس نے کرکٹ کی عالمی تنظیم "آئی سی سی" کے صدر کا منصب سنبھال لیا ہے۔

تنظیم میں یہ ایک رسمی عہدہ ہے جس کی معیاد ایک سال ہے۔

اپریل میں آئی سی سی کے صدر بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے مصطفیٰ کمال کے استعفے کے بعد قبل از وقت خالی ہو گیا تھا۔ انھوں نے کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی فاتح ٹیم کو دینے کے معاملے پر نظرانداز کیے جانے کے بعد احتجاجاً استعفی دیا تھا۔

تنظیم کے چیئرمین نرائن سوامی سری نواسن نے یہ ٹرافی مارچ کے اواخر میں میلبورن میں کرکٹ ورلڈ کپ کی چیمپیئن آسٹریلوی ٹیم کو تھمائی تھی۔ مصطفیٰ کمال کا موقف تھا کہ بحیثیت یہ ٹرافی ان کے ہاتھوں سے دی جانی چاہیے تھی۔

بدھ کو باربادوس میں آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر ظہیر عباس کی بطور صدر نامزدگی کی توثیق کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے اس عہدے کے لیے اپنا نام واپس لے لیا تھا جس کے بعد ماضی کے مایہ ناز بلے باز ظہیر عباس کا نام آئی سی سی کے صدر کے لیے تجویز کیا گیا تھا۔

67 سالہ ظہیرعباس نے 78 ٹیسٹ میچوں میں 5062 جب کہ 62 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 2572 رنز بنا رکھے ہیں۔ وہ 1969 سے 1985 تک پاکستانی ٹیم کا حصہ رہے اور انھوں نے پاکستان کی طرف سے تین کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ بھی کھیلے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو اس کھیل میں لوگوں کی دلچسپی زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔

XS
SM
MD
LG