رسائی کے لنکس

برطانیہ میں 'سنڈریلا قانون' متعارف کروانے کی تیاری


ایسے والدین جو اپنے بچوں کو جذباتی طور پرآسودہ رکھنے میں ناکام ہیں انھیں اب بچوں سے غفلت برتنے کے جرم میں زیادہ سے زیادہ دس برس کی جیل کاٹنی پڑ سکتی ہے۔

برطانیہ میں رہنے والے ایسے والدین جو اپنے بچوں سے شفقت اور پیار و محبت بھرا سلوک روا رکھنے میں ناکام پائے گئے انھیں ایک نئے قانون کے تحت 10 برس کی جیل کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

نئے مجوزہ قانون کے تحت بچوں کو جسمانی یا جنسی زیادتی کے ساتھ ساتھ جذباتی تکالیف پہنچانے پر بھی والدین کو مجرم قرار دیا جا سکے گا۔ ایسے والدین جو اپنے بچوں کو جذباتی طور پرآسودہ رکھنے میں ناکام ہیں انھیں اب بچوں سے غفلت برتنے کے جرم میں زیادہ سے زیادہ دس برس کی جیل کاٹنی پڑ سکتی ہے۔

ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق نئے قانون کے تحت جان بوجھ کربچوں کو جسمانی و جنسی زیادتی یا پھر ان کے سماجی اور جذباتی رویےکو ٹھیس پہنچانا بھی جرم کے زمرے میں شامل کیا جائے گا، جسے "سینڈریلا قانون" کا نام دیا جارہا ہے۔ توقع ہے کہ رواں برس جون میں ملکہ برطانیہ اپنی تقریر میں اس قانون کا اعلان کریں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزراء کی جانب سے بچوں سے غفلت برتنے کے موجودہ قانون میں تبدیلی کے لیے اصلاحات پر غور کیا جا رہا ہے جس کے تحت والدین کی جانب سےجان بوجھ کر بچوں کو جسمانی یا جنسی طور پر ہراساں یا زخمی کرنے اور لاوارث چھوڑنے پر ہی استغاثہ کے لیے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

کنزرویٹو جماعت کے رہنما رابرٹ بک لینڈ جنھوں نے اس معاملے پرمہم چلائی ہے کہتے ہیں کہ بچوں سے غفلت برتنے کے قوانین میں تبدیلی کا بہت عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا کیونکہ موجودہ قوانین بچوں کی جذباتی تکالیف کا مکمل احاطہ نہیں کرتے۔ اسی لیے بچے اپنے ہی گھروں میں والدین یا دیکھ بھال کرنے والوں کے ہاتھوں جذباتی زیادتی کا نشانہ بنائے جاتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ برسوں پہلے سینڈریلا کی کہانی میں پہلی بار بچوں سے غفلت برتنے کے جرم کو پیش کیا گیا تھا لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ آج بھی ظالم سوتیلی ماں سزا سے مستثنیٰ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں حکومت نے اصلاحات کی تجاویز کی مخالفت کی تھی جس کا کہنا تھا کہ قانوں میں بار بار تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے ۔

تاہم وزارت انصاف کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں حکومت کے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ہر بچہ محفوظ ماحول میں پرورش پائے حکومت ایسے قانونی طریقوں پر غور کر رہی ہےجس سے اس کی حمایت ہو سکتی ہے۔

بچوں کے تحفظ کی تنظیموں کی جانب سے اس فیصلے کی تعریف کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ والدین کی محبت سے محروم بچے ذہنی صحت کے مسائل کے ساتھ بڑے ہوتے ہیں اور خود اپنی ہی زندگی کے لیے ایک بڑا خطرہ بن جاتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG