رسائی کے لنکس

’پی آئی اے‘ نے بنگلہ دیش کے لیے پروازیں 10 مارچ تک معطل کر دیں


’پی آئی اے‘ کے ترجمان رانا حنیف نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ بنگلہ دیش میں پاکستانی فضائی کمپنی کے اسٹیشن مینجر علی عباس شاہ کے گھر پر رواں ہفتے بنگلہ دیش کی پولیس نے چھاپہ مارا تھا

پاکستان کی قومی فضائی کمپنی ’پی آئی اے‘ نے بنگلہ دیش میں اپنے اعلیٰ عہدیدار کے گھر میں چھاپے اور تلاشی کے بعد اُن کے اہل خانہ کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔

ابتدائی طور پر 10 مارچ تک پروازوں کو معطل کیا گیا ہے لیکن عہدیداروں کے مطابق جب تک ’پی آئی اے‘ کو اُس کے عملے کے تحفظ کی مکمل یقین دہانی نہیں کروا دی جاتی، فضائی رابطے کی بحالی بظاہر ممکن نہیں۔

’پی آئی اے‘ کے ترجمان رانا حنیف نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ بنگلہ دیش میں پاکستانی فضائی کمپنی کے اسٹیشن مینجر علی عباس شاہ کے گھر پر رواں ہفتے بنگلہ دیش کی پولیس نے چھاپہ مارا تھا۔

بنگلہ دیش کے لیے پاکستان سے ہر ہفتے پانچ پروازیں جاتی تھیں۔

’پی آئی اے‘ کے حکام کے مطابق ایسے مسافر جنہوں نے ٹکٹ خرید رکھے تھے اُنھیں پوری رقم واپس کی جا رہی ہے اور جو لوگ بنگلہ دیش جانے کے خواہمش مند ہیں اُنھیں دوسری فضائی کمپنیوں سے بھیجنے کے لیے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے یہ معاملہ وہاں کی وزارت خارجہ کے سامنے اُٹھایا ہے۔

تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے جواب اور وضاحت کا انتظار کر رہا ہے تاہم اُن کے بقول یقیناً یہ بدقسمت واقعہ ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان زمینی یا سمندر کے ذریعے کوئی رابطہ نہیں ہے اور ایک سے دوسرے ملک آمد و رفت کے لیے صرف فضائی رابطے پر ہی انحصار ہے۔

پاکستانی عہدیداروں کے مطابق بنگلہ دیش کی کوئی فضائی کمپنی پاکستان کے لیے پروازیں نہیں چلاتی۔

XS
SM
MD
LG