رسائی کے لنکس

پشاور سانحہ پر ملکہ برطانیہ کا تعزیتی خط


فائل
فائل

ملکہ الزبتھ نے پاکستان کے صدر ممنون حسین کے نام بھیجے گئے تعزیتی پیغام میں پشاور سانحے پر گہر ے رنج و غم اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

ملکہ برطانیہ نے پشاور کے المناک سانحے کے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور پشاور اسکول میں معصوم جانوں کے نقصان اور ہلاکتوں پر پاکستانی صدر کےنام تعزیتی خط بھیجا ہے۔

جمعرات کو برطانوی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملکہ الزبتھ نے پاکستان کے صدر ممنون حسین کے نام بھیجے گئے تعزیتی پیغام میں پشاور سانحے پر گہر ے رنج و غم اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

ملکہ برطانیہ نے تعزیتی خط میں لکھا ہے کہ انھیں متاثرہ خاندانوں سے ذاتی طور پر دلی ہمدردی ہے اور وہ لوگ جو برطانیہ میں رہتے ہیں، وہ بھی لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی رکھتے ہیں۔

ملکہ برطانیہ کے علاوہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی سانحہ پشاور کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور بچوں کی ہلاکتوں پر اپنے پاکستانی ہم منصب میاں نواز شریف کے نام تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ اور وزیر داخلہ تھریسا مئے نے دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام سے افسوس کا اظہار کیا ہے اور حکومت پاکستان کے نام الگ الگ تعزیتی خطوط بھیجے ہیں۔

برطانوی چیف آف ڈیفینس کی طرف سے پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے نام تعزیتی پیغام بھیجا گیا ہے جس میں انھوں نے برطانوی مسلح افواج کی جانب سے پشاور کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG