رسائی کے لنکس

انٹرنیٹ، معمر افراد کا ڈیپریشن دور کر سکتا ہے


ایک اندازے کے مطابق امریکہ بھر میں 50 برس سے زائد عمر کے 8٪ افراد یا 5 سے 10 ملین افراد ڈیپریشن میں مبتلا ہیں۔

ایک نئی تحقیق کے مطابق ایسے معمر افراد جو انٹرنیٹ پر اپنا وقت گزارتے ہیں، اُن میں ڈیپریشن کا رجحان اپنے دیگر ہم عصروں کی نسبت تین گنا کم ہو جاتا ہے۔

اس تحقیق کی سربراہی کرنے والی شیلیا کاٹن کا کہنا ہے کہ، ’دراصل ڈیپریشن کا زیادہ تر شکار وہ معمر افراد دکھائی دئیے جو تنہا زندگی بسر کرتے ہیں۔ لہذا یہ تحقیق بتاتی ہے کہ ان بزرگ افراد میں ڈیپریشن سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ خاندان کے یا معاشرے کے دیگر افراد کے ساتھ رابطہ استوار کیا جائے‘۔

جرنلز آف گیرونٹولوجی کے مطابق امریکہ بھر میں 50 برس سے زائد عمر کے 8٪ افراد یا 5 سے 10 ملین افراد ڈیپریشن میں مبتلا ہیں۔

شیلیا کاٹن کہتی ہیں کہ معمر افراد میں ڈپریشن، تنہا زندگی گزارنے یا سماجی طور پر اکیلے رہ جانے کا رجحان نوجوانوں کی نسبت زیادہ ہوتا ہے۔

شیلیا کاٹن اور ان کے ساتھیوں نے چھ سال تک امریکہ میں ریٹائرڈ افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا۔ اس تحقیق کا مقصد یہ پتہ لگانا تھا کہ ریٹائر ہونے کے بعد امریکی اپنی زندگی کیسے گزارتے ہیں۔

اس تحقیق میں 3,075 ریٹائرڈ مرد و خواتین سے اکٹھے کیے گئے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔

ان معمر افراد کو آٹھ سوالوں پر مشتمل سوال نامہ دیا گیا۔ ان افراد سے پوچھا گیا کہ آیا وہ انٹرنیٹ کو محض ای میل دیکھنے کے لیے استعمال کرتے ہیں یا ان کے نزدیک انٹرنیٹ کا کوئی اور مصرف بھی ہے؟
تقریباً 30 ٪ افراد انٹرنیٹ کے صارف تھے۔ اس تحقیق میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ معمر افراد انٹرنیٹ کتنی دیر کے لیے استعمال کرتے تھے۔

جب ڈیپریشن سے متعلق اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا تو یہ امر سامنے آیا کہ جو لوگ انٹرنیٹ پر زیادہ وقت استعمال کرتے تھے ان میں ڈیپریشن ان دیگر افراد کی نسبت کم تھا جو انٹرنیٹ استعمال نہیں کرتے تھے۔
XS
SM
MD
LG