رسائی کے لنکس

قومی کنوینشن کے بعد رومنی صدارتی مہم پر


سمندری طوفان
سمندری طوفان

مسٹر رومنی، جمعے کے ہی روز، ریاست لوزیانہ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں اس ریاست کا ایک وسیع حصہ سمندری طوفان سے شدید متاثر ہوا ہے اور اب تک پانچ افراد ہلاک ہوچکے ہیں

امریکی ریپبلیکن پارٹی کے صدارتی امیدوار مِٹ رومنی جمعے کے روز صدارتی مہم پر ہیں۔ اُن کے الفاظ میں، صدر اوباما ملک کی سست روی کی شکار معیشت کوسہارا دینے میں ناکام رہے ہیں، جس سلسلے میں اُنھوں نےاپنی تقاریر کے دوران حکومت پر الزامات لگائے ہیں۔

پارٹی کی طرف سے صدارتی نامزدگی کی پیش کش قبول کرتے ہوئے، مسٹر رومنی نے فلوریڈا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چار سال قبل مسٹر اوباما نے کچھ وعدے کیے تھے۔ باوجود اِس کے، ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر ملک کی بجٹ میں خسارے میں کمی لانے ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور نئے کاروبار شروع کرنے میں ناکام رہے ہیں، جب کہ، اُن کے بقول، وہ اِن معاملات میں پیش رفت کا حوصلہ رکھتے ہیں۔

بعد ازاں ، مسٹر رومنی خلیج ساحل کی ریاست لوزیانہ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں آئزک سمندری طوفان کے نتیجے میں ریاست کا ایک وسع رقبہ سیلابی پانی تلے آیا ہوا ہےاور پانچ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

پیر کو مسٹر اوباما اِسی ریاست کا دورہ کریں گے، جس کے ایک روز بعد ڈیموکریٹک پارٹی اپنا قومی کنوینشن منعقد کر رہی ہے ،جِس میں وہ سرکاری طور پر اُنھیں مزید چار سالہ میعاد کے لیے نامزد کرے گی۔

مسٹر رومنی ایک کامیاب سرمایہ دار اور میساچیوسٹس کے سابق گورنر رہ چکے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ ٹیکس گھٹا کر اور حکومتی ضابطوں میں کمی کے ذریعے ملک کی سست روی کی شکار معیشت کو فروغ دے سکتے ہیں۔

مسٹر اوباما جو جمعے کو ٹیکساس کی کلیدی ریاست کا دورہ کرنے والےہیں، کہا ہے کہ رومنی کی صدارت کا مطلب یہ ہوگا کہ ملک میں ایسی پالیسیوں پر عمل ہوگا جن کے باعث ملک 1930ء کی دہائی کی طرح کی معاشی مشکلات کے خطرات سے دوچار ہوسکتا ہے۔

ملک گیر سطح پر ہونے والے ووٹروں کے جائزوں سے پتا چلتا ہے کہ دونوں امیدواروں کی مقبولیت برابر سطح کی ہے، جب کہ چھ نومبر کے انتخابات میں صرف 10ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG