رسائی کے لنکس

پشاور سانحے پر شوبز ستاروں کے تاثرات


اداکار عامر خان نے ٹوئٹر پر اپنے دکھ کا اظہار یوں کیا ہے، ''پشاور میں معصوم بچوں کے قتل کی خبر نے مجھے جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔''

پشاور سانحے میں بچوں کی ہلاکتوں پر شو بزنس سے وابستہ افراد کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر فلمی ستاروں نے بچوں پر دہشت گرد حملے کی کھل کر مخالفت کی ہے اور اس بہیمانہ کاروائی پر اپنا شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔

فلمی ستاروں نے اپنے ٹوئٹر پیغامات میں پشاور اسکول پرحملے میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں اوراساتذہ کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے ساتھی تعزیت بھی کی ہے۔

بالی وڈ فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر اپنے مذمتی پیغام میں لکھا، ''میں برے سے برے کام کو تسلیم کر سکتا ہوں لیکن معصوم جانوں کی ہلاکتوں کو کبھی تسلیم نہیں کرسکتا۔"

بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر اپنے تاثرات اس طرح درج کئے ہیں، ''بچوں کے ساتھ رہنے سے دل کی بے قراری کم ہوتی ہے، میرے دل میں ان کے لیے انتہائی غصہ اور نفرت ہے جنھوں نے ہمارا مستقبل اور دل کا سکون چھین لیا ہے۔''

اداکارہ رانی مکھرجی نے غمزدہ خاندانوں کو پرسہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ایک بیوی جب شوہر کو کھوتی ہے تو اسے بیوہ کہا جاتا ہے، ایک شوہر جب اپنی بیوی کھوتا ہے تو اسے رنڈوا کہتے ہیں، اور جب بچے اپنے والدین کو کھو دیتے ہیں تو انھیں یتیم کہا جاتا ہے۔ لیکن ماں جب اپنا بچہ کھوتی ہے تو اسے پکارنے کے لیے کوئی لفظ نہیں ملتا کیوں کہ یہ انتہائی بھاری نقصان ہے۔''

اداکار سلمان خان نے ہولناک سانحے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ''وہ ہم میں سے نہیں ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے لوگ محفوظ نہیں''۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے ٹوئٹر کے صفحے پر لکھا، ''انتہائی ہولناک، یہ کس قسم کی چوٹ لگی ہے بچوں کو''

اداکار عامر خان نے ٹوئٹر پر اپنے دکھ کا اظہار یوں کیا ہے، ''پشاور میں معصوم بچوں کے قتل کی خبر نے مجھے جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔''

اداکارہ روینہ ٹنڈن نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا، ''ایک ماں کا دکھ دنیا کی ہر ماں سمجھ سکتی ہے۔ میرا دل ان کے لیے بد دعائیں کر رہا ہے جنھوں نے ایسا منصوبہ بنایا اور جن لوگوں نے اس پر عمل کیا انھیں دوزخ میں جلنا ہے۔''

اداکار اکشے کمار نے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کی ہے۔ انھوں نےاپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ''معصوم بچوں پر دہشت گرد حملے کی خبرسن کر میرے جذبات جیسے سن ہو گئے ہیں۔ اللہ متاثرہ خاندانوں کو ہمت عطا فرمائے۔''

ہالی وڈ کی مایہ ناز گلوکارہ میڈونا نے ٹوئٹر پر تعزیتی پیغام میں لکھا، ''میں پاکستان اوردنیا بھر کے لیے امن کی دعاگو ہوں۔ میرا دل پشاور کے ان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے جن کے بچوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا۔''

جمائما خان نے پشاور سانحے کے متاثرین سےتعزیت کرتے ہوئے لکھا، ''میری دلی ہمدردی اور دعائیں انسانیت سوز قتل کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔''

لولی وڈ کی فنکارہ ماہرہ خان نے ٹویٹر پر یہ پیغام لکھا، ''سب سے چھوٹے تابوت سب سے زیادہ بھاری ہیں، مجھے ان ڈرپوک لوگوں کی ذہنیت پر انتہائی افسوس ہے''۔

اداکار فواد خان نے ٹوئٹر کےتعزیتی پیغام میں کہا، ''بچوں کا قتل انسانیت سوز مظالم کی انتہا ہے، میں انتہائی غمگین ہوں۔ میری دلی ہمدردی اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔''

گلوکار عاطف اسلم نے اپنے مذمتی بیان میں لکھا، ''ہم اپنے ایک سو اکتالیس ہیرو کھو چکے ہیں اور مزید جانوں کے نقصان کو برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے''۔

ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے لکھا، ''اے خدا ان بچوں اور خاندانوں پر اپنا کرم فرما، یہ انتہائی دلخراش اور تکلیف دہ واقعہ ہے، یہ انسانیت آج کس مقام پر آگئی ہے۔''

باکسر عامر خان ٹوئیٹر پیغام میں لکھتے ہیں کہ ''مجھے پشاور سانحے میں خوبصورت معصوم بچوں کو کھونے والے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی ہے، میں آپ کے لیے دعا کر رہا ہوں۔''

XS
SM
MD
LG