رسائی کے لنکس

جنوبی کیرولینا میں سیلاب کے باعث صورت حال ابتر ہونے کا خدشہ


حالیہ بارشوں کو اس علاقے میں تاریخ کی سب سے زیادہ خطرناک بارشیں تصور کیا جا رہا ہے جس سے وسیع پیمانے پر املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

امریکہ کی ریاست جنوبی کیرولینا میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والی بارشوں اور اس سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے اور اب بھی صورتحال کے مزید بگڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

منگل کو کچھ دیر کے لیے بادل چھٹے اور سورج نمودار ہوا لیکن گورنر نکی ہیلی کا کہنا ہے کہ "سورج کی روشنی سے دھوکہ نہ کھائیے، ہم ایسی صورتحال میں ہیں کہ جس میں آئندہ 36 سے 48 گھنٹے مزید خطرناک ہو سکتے ہیں۔"

گورنر نے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور اس دوران ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں اب بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔۔۔ میں نے جو کچھ دیکھا وہ بہت تکلیف دہ ہے۔"

24 ستمبر کے بعد منگل وہ واحد دن تھا جب بارش نہیں ہوئی لیکن حکام نے متنبہ کیا کہ متعدد دریاؤں میں سیلاب کے باعث مزید لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑ سکتا ہے۔

موسم کی خرابی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے جنوبی کیرولینا میں 14 اور شمالی کیرولینا میں دو اموات ہو چکی ہیں۔

حالیہ بارشوں کو اس علاقے میں تاریخ کی سب سے زیادہ خطرناک بارشیں تصور کیا جا رہا ہے جس سے وسیع پیمانے پر املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

لگ بھگ 800 سے زائد افراد اب بھی عارضی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں جب کہ حکام نے بتایا ہے کہ تین سو سڑکیں اور 160 پل اب بھی بند ہیں جس کی وجہ سے آمدورفت میں دشواری ہو سکتی ہے۔

گورنر ہیلی کا کہنا تھا کہ فی الوقت نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا لیکن بعض ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایک ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG