رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا کا شمال کے ساتھ صنعتی پارک میں کام معطل کرنے کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یہ پہلا موقع ہے کہ جنوبی کوریا نے دس سال قبل قائم کیے گئے صنعتی پارک میں کام معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جنوبی کوریا نے بدھ کو کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کی طرف سے راکٹ چھوڑے جانے کے واقعے کے بعد اس کے ساتھ مشترکہ صنعتی پارک میں سرگرمیاں معطل کر دے گا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ جنوبی کوریا نے دس سال قبل قائم کیے گئے صنعتی پارک میں کام معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اتوار کو شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے ذریعے دو سیٹلائٹ خلا میں بھیجی تھیں۔ دیگر ممالک کا خیال ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کا تجربہ تھا۔

جنوبی کوریا کے یونیفیکیشن وزیر ہونگ یونگ پیو نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ شمالی کوریا کے سرحدی شہر کائی سونگ میں واقع صنعتی کمپلیکس میں سرگرمیاں معطل ہونے سے شمالی کوریا وہاں سے حاصل ہونے والی رقم کو جوہری اور میزائل ٹیکنالوجی حاصل کرنے کے لیے استعمال نہیں کر سکے گا۔

اس صنعتی پارک نے 2005 میں کام شروع کیا تھا اور ہونگ کے مطابق اس سے شمالی کوریا کو 56 کروڑ ڈالر نقد رقم حاصل ہوئی۔

ہونگ کا کہنا تھا کہ جنوبی کوریا کی حکومت کائی سونگ میں کام کرنے والی کمپنیوں کو معاوضہ ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت جمعرات کو وہاں سے جنوبی کوریا کے شہریوں کو نکالنے کا عمل شروع کرے گی۔

شمالی کوریا نے اس اعلان پر فوری طور پر کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا۔

یہ صنعتی پارک ان دو حریف ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون کا آخری منصوبہ تھا۔ جنوبی کوریا کے سرمایے، ٹیکنالوجی اور کاروباری حکمت عملی کو شمالی کوریا کی سستی افرادی قوت سے ملا کر چلنے والے اس پارک کو دونوں ممالک کے دوبارہ اتحاد کا ایک تجربہ سمجھا جاتا تھا۔

گزشتہ سال 124 جنوبی کوریائی کمپنیوں نے شمالی کوریا کے 54,000 مزدوروں کی خدمات حاصل کر کے وہاں جرابیں، کلائی گھڑیاں اور دیگر منصوعات تیار کی تھیں۔

جنوبی کوریا کی حکومت اور کمپنیوں نے اس علاقے میں سڑکیں اور عمارتیں تعمیر کرنے میں ایک کھرب ڈالر کے لگ بھگ سرمایہ کاری کی ہے۔ یہ کمپلیکس جنوبی کوریا کے تیسرے بڑے شہر کائی سونگ کے مضافات میں محفوظ چار دیواری میں واقع ہے۔

حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی سے جب دیگر منصوبے متاثر ہوئے تب بھی کائی سونگ میں جنوبی کوریا کی کمپنیوں نے اپنا کام جاری رکھا۔

اس سے قبل صنعتی پارک میں 2013 میں اس وقت خلل پیدا ہوا تھا جب شمالی کوریا نے جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ جنگی مشقوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنے کارکنوں کو وہاں سے نکال لیا تھا۔

XS
SM
MD
LG