رسائی کے لنکس

سری لنکا میں قبل از وقت صدارتی انتخابات کا اعلان


سری لنکن حکومت نے انتخابات کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب صدر راجہ پکسے کی مقبولیت زوال کا شکار ہے۔

سری لنکا میں حکومت نے مقررہ مدت سے دو سال قبل ہی صدارتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے جس میں امکان ہے کہ موجودہ صدر مہندا راجہ پکسے تیسری مدت کے لیے امیدوار ہوں گے۔

سری لنکا کی حکمران جماعت کے ترجمان کیہیلا رمبوک ویلا نے پیر کو وسطی شہر کاندے میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صدارتی انتخابات آئندہ سال جنوری میں کرائے جائیں گے۔

تاہم حکمران جماعت کے عہدیدار نے صدارتی انتخاب کی صحیح تاریخ بتانے سے گریز کیا۔

آئین کے مطابق سری لنکا کے 68 سالہ صدر راجہ پکسے کی موجودہ صدارت کی مدت نومبر 2016ء میں ختم ہورہی ہے۔ تاہم قانونی ماہرین نے قبل از وقت انتخابات کے ان کے اس فیصلے کو آئینی قرار دیا ہے۔

راجہ پکسے 2005ء میں پہلی بار برسرِ اقتدار آئے تھے اور ان کے دورِ اقتدار میں 2009ء میں سری لنکا کی فوج نے ملک میں 26 سال سے جاری تامل اقلیت کی علیحدگی پسند مہم کو پوری طرح کچل دیا تھا۔

تامل علیحدگی پسندوں کی تحریک کے خلاف کامیاب کارروائی کی بدولت راجہ پکسے کی عوامی مقبولیت اپنی عروج پر پہنچ گئی تھی جس کے باعث انہوں نے 2010ء میں ہونے والا صدارتی انتخاب بھی بھاری اکثریت سے جیت لیا تھا۔

تاہم اس بار سری لنکن حکومت نے انتخابات کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب صدر کی مقبولیت زوال کا شکار ہے اور ان کے خلاف اندرون و بیرونِ ملک اٹھنے والی آوازوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

مغربی ملکوں کا موقف ہے کہ سری لنکن فوج نے 2009ء میں تامل باغیوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں جن کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونا چاہیے۔

لیکن سری لنکن صدر مغربی ممالک اور عالمی اداروں کی جانب سے ان مبینہ واقعات کی تحقیقات کے مطالبات کو سختی سے مسترد کرتے رہے ہیں۔

سری لنکن حزبِ اختلاف اور صدر کے ناقدین الزام عائد کرتے ہیں کہ راجہ پکسے اور ان کی جماعت اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہی ہے ۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ 1978ء کے آئین کے تحت سری لنکا کے صدر کو لامحدود اختیارات حاصل ہیں جنہیں 2005ء اور 2010ء کی انتخابی مہم کے دوران راجہ پکسے خود بھی ختم کرنے کا وعدہ کرچکے ہیں۔

تاہم صدر منتخب ہونے کے بعد ان کا موقف رہا ہے کہ تامل باغیوں سے لاحق خطرے سے مکمل طور پر نبٹنے کے لیے ان کے یہ اختیارات ضروری ہیں۔

XS
SM
MD
LG