رسائی کے لنکس

سری لنکا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے ہرا دیا


سری لنکا کے ہیراتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا انھوں نے مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا نے پاکستان کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر لی۔

اتوار کو گال میں کھیلے جانے والے میچ کے آخری روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 180 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور میچ جیتنے کے لیے میزبان ٹیم کو 99 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا نے ہدف 16.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اس میچ میں پاکستانی ٹیم کی نسبت میزبان ٹیم نے تمام شعبوں میں خاصی متاثر کن کارکردگی دکھائی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 451 رنز بنائے تھے جس میں یونس خان 177 جب کہ اسد شفیق 75 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

جواب میں سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز 533 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر ختم کر دی تھی۔ کمارا سنگاکارا نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے 221 رنز بنائے جب کہ میتھیوز 91 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم صرف 180 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سری لنکا کے ہیراتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا انھوں نے مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کیں۔

سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 14 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG