رسائی کے لنکس

سری لنکا کی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح


میزبان ٹیم نے میچ جیتنے کے لیے پاکستان کو 271 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم کے بلے بازوں کی ایک نہ چل سکی اور پوری ٹیم 165 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

سری لنکا نے کولمبو میں کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 105 رنز سے شکست دے کر سیریز دو، صفر سے جیت لی۔

میزبان ٹیم نے میچ جیتنے کے لیے پاکستان کو 271 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم کے بلے بازوں کی ایک نہ چل سکی اور پوری ٹیم 165 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

پیر کو میچ کے پانچویں روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 127 رنز سات کھلاڑی پر آوٹ پر شروع کی۔ لیکن کھیل کے ایک ہی گھنٹے میں سری لنکن بالروں نے بقیہ تین وکٹیں حاصل کر کے میچ اور سیریز اپنے نام کر لی۔

پاکستان کی طرف سے سرفراز احمد 55 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ انھوں نے پہلی اننگز میں بھی 103 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا کے بالر ہیراتھ نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جب کہ پہلی اننگز میں انھوں نے نو پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا تھا۔ انھیں شاندار کارکردگی کے بنا پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا کے مایہ ناز بلے باز مہیلا جے وردنے کے کیریئر کا یہ آخری ٹیسٹ میچ تھا۔ کھیل کےاختتام پر ان کے ساتھیوں نے انھیں کندھوں پر بٹھا کر گراونڈ کا چکر لگایا اور یہاں موجود ہزاروں شائقین نے اپنے اس کھلاڑی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلے ہوئے 320 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 332 رنز بنا سکی۔ دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کا اسکور 282 رنز تھا۔

اب دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 23 اگست کو ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG