رسائی کے لنکس

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مستعفی


پال فاربریس
پال فاربریس

پال فاربریس نے پہلے ہی بورڈ کو اپنے اس فیصلے سے آگاہ کردیا تھا کہ وہ مزید اس عہدے پر اپنے فرائض جاری نہیں رکھ سکیں گے

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ پال فاربریس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے منگل کو بتایا کہ وہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کے فرائض سنبھالیں گے۔

انھوں نے پہلے ہی بورڈ کو اپنے اس فیصلے سے آگاہ کردیا تھا کہ وہ مزید اس عہدے پر اپنے فرائض جاری نہیں رکھ سکیں گے کیونکہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نئے منتخب کوچ پیٹر مورز نے ان کو اسسٹنٹ کوچ بننے کی پیشکش کی تھی۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے فاربریس نے بورڈ کے ساتھ 2 برس کا معاہدہ کیا تھا اور اس دوران ان کے زیر تربیت سری لنکا کی ٹیم بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی فاتح قرار پائی۔ لیکن وہ صرف چار مہینے ہی اس عہدے پر فائز رہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری نشانتھا رانا ٹنگا کا کہنا تھا کہ "ہم نے پال کے ساتھ مذاکرات کیے اور انھیں پوری طرح قائل کیا کہ وہ یہ عہدہ نا چھوڑیں کیونکہ مختصر عرصے میں انھوں نے سری لنکن کرکٹ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔"

ان کا کہنا تھا کہ "پال نے آج تک کی مہلت مانگی تھی اور انھوں نے اپنا فیصلہ استعفے کے ذریعے دے دیا۔"

فاربریس کا نام مورز کے ساتھ اس وقت سامنے آیا جب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اینڈی فلاور کی جگہ اُمیدواروں سے انٹرویو شروع کیے تھے۔

وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کی کامیابی کے بعد ایسٹر منانے انگلینڈ چلے گئے تھے۔

رانا ٹنگا کے مطابق اب ایگزیکٹو کمیٹی کو بیٹھ کر یہ سوچنا ہو گا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں شروع ہونے والے دورہ انگلینڈ سے قبل فاربریس کی جگہ مناسب کوچ کیسے تلاش کیا جاسکتا ہے۔

حالیہ بیٹنگ کوچ مارون اتاپتو جنھوں نے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دی ہوئی ہے اور بظاہر وہی صحیح معلوم ہوتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG