رسائی کے لنکس

کیلی فورنیا: پائپ لائن سے تیل کا اخراج، ہنگامی حالت نافذ


حکام کے مطابق اب تک ساحل سے چھ ہزار گیلن سے زائد تیل جمع کیا جاچکا ہے۔
حکام کے مطابق اب تک ساحل سے چھ ہزار گیلن سے زائد تیل جمع کیا جاچکا ہے۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ منگل کی شب پائپ لائن بند کیے جانے سے قبل ہی ایک لاکھ گیلن سے زائد تیل سمندر میں ضائع ہوچکا تھا۔

امریکہ کی مغربی ریاست کیلی فورنیا کی حکومت نے زیرِ سمندر ایک پائپ لائن سے تیل کے اخراج کے بعد متاثرہ ساحلی علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔

تیل کے اخراج سے ریاست کے جنوبی شہر سانتا باربرا کے نزدیک 'رفیوجیو اسٹیٹ بیچ' کا علاقہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ انہیں پائپ لائن سے تیل کے اخراج کا علم منگل کو ہوا تھا جس کے فوراً بعد پائپ لائن کو بند کردیا گیا تھا۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ منگل کی شب پائپ لائن بند کیے جانے سے قبل ہی ایک لاکھ گیلن سے زائد تیل سمندر میں ضائع ہوچکا تھا جس میں سے کم از کم 21 ہزار گیلن تیل لہروں کے ساتھ ساحل تک پہنچا ہے۔

صورتِ حال کی سنگینی کا اندازہ ہونے کے بعد ریاست کے گورنر جیری براؤن نے بدھ کی شب علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کردی تھی جس کے بعد حکومت متاثرہ علاقے کی صفائی کے لیے ریاستی بجٹ کے فنڈز استعمال کرسکے گی۔

امریکی کوسٹ گارڈ کی ایک ترجمان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ پائپ لائن سےخارج ہونے والے تیل سے 15 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی متاثر ہوئی ہے جس کی صفائی کا کام بدھ سے شروع کردیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اب تک ساحل سے چھ ہزار گیلن سے زائد تیل اکٹھا کیا جاچکا ہے۔ حکام کے مطابق ریاست کی حالیہ تاریخ میں کسی پائپ لائن سے تیل کے اخراج کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے۔

پائپ لائن کی منتظم کمپنی نے واقعے پر معذرت ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 24 گھنٹے متاثرہ علاقے کی صفائی کا کام انجام دے رہی ہے۔

امریکی تاریخ میں پائپ لائنوں سے تیل کے اخراج کے چند بڑے واقعات میں سے ایک واقعہ 1969ء میں کیلی فورنیا کے اسی علاقے میں پیش آیا تھا جس کے بعد امریکہ میں ماحولیاتی تحفظ کی تحریک منظم ہوئی تھی جو تاحال سرگرم ہے۔

XS
SM
MD
LG