رسائی کے لنکس

محرم کی آمد آمد، سخت سیکورٹی انتظامات شروع


کراچی کی شہری انتظامیہ اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے محرم کے لئے سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے، جن کے تحت کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے حساس علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستوں کی تعیناتی بھی شامل ہے

کراچی ۔۔۔ اسلامی سال کے پہلے مہینے یعنی ’محرم الحرام‘ کے آغاز میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔ چونکہ، اس ماہ کے ابتدائی دس دنوں میں مذہبی جلسے، جلوس اور مجالس کا سب سے زیادہ اہتمام ہوتا ہے؛ لہٰذا، سیکورٹی، فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے جاتے ہیں۔

کراچی کی شہری انتظامیہ اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے محرم کے لئے سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کردیا ہے جِن کے تحت کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے حساس علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستوں کی تعیناتی بھی شامل ہے۔

وائس آف امریکہ کو کمشنر کراچی کی جانب سے فراہم کی جانے والی اطلاعات کے مطابق سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کئی اہم اجلاس طلب کرچکے ہیں، جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کی زیر صدارت بھی محرم میں امن و امان اور سیکورٹی کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوچکا ہے۔

غلام قادر تھیبو کے مطابق، ’اورنگی ٹاوٴن، لانڈھی اور کورنگی سمیت دس مقامات انتہائی حساس ہیں۔ لہٰذا، یہاں اسپیشل فورسز کے اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ اُن کے بقول، ’پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی جانب سے مجالس اور جلوسوں کو ہر ممکن فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ امن و امان کا قیام برقرار رکھنے کے لئے مختلف علاقوں میں ’امن کمیٹیاں‘ تشکیل کی جائیں گی‘۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا ہے کہ ’دل آزار وال چاکنگ، بینرز، پمفلیٹس کی تقسیم اور اشتعال انگیز تقاریر پر مشتمل سی ڈیز اور ڈی وی ڈیز کی فروخت پر پابندی کیلئے انتہائی ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حساس علاقوں میں مساجد و امام بارگاہوں اور مرکزی مجالس میں اسکینرز اور واک تھرو گیٹس کی تنصیب کے علاوہ مرکزی جلوسوں کی خفیہ کیمروں سے مانیٹرنگ کے بھی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا ہے کہ’جلوسوں کے مقررہ راستوں، مجالس کے مقامات، مساجد اور امام بارگاہوں کی باقاعدہ میپنگ اور کلیئرنس بم ڈسپوزل اسکواڈ سے لی جائے گی۔ فول پروف سیکورٹی کے لئے نہ صرف گاڑیوں کی نگرانی کی جائے گی بلکہ گاڑیوں کی پارکنگ کو بھی مجالس اور جلوسوں سے خاصے فاصلے پر رکھا جائے گا۔ گاڑیوں کی چیکنگ بھی بم ڈسپوزل کا عملہ کرے گا‘۔

XS
SM
MD
LG