رسائی کے لنکس

امریکہ: مہلک فائرنگ کی مبینہ دھمکی دینے والی طالبہ گرفتار


ایملی ساکاموتو
ایملی ساکاموتو

21 سالہ ایملی ساکاموتو پر الزام ہے کہ اس نے سماجی رابطوں کی سائٹ پر یہ دھمکی آمیز پیغام تحریر کیا تھا کہ میں کل اسکول میں فائرنگ کروں گی۔ اپنے اپنے کمروں میں رہنا۔

امریکہ کی ریاست جارجیا کی ایک یونیورسٹی میں مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کرنے کی دھمکی دینے والی ایک طالبہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے ایموری یونیورسٹی اٹلانٹا کے کیمپس میں اس کارروائی کی دھمکی دینے والی مشتبہ طالبہ کی شناخت 21 سالہ ایملی ساکاموتو کے طور پر ظاہر کی ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے سماجی رابطوں کی سائٹ پر اتوار کو یہ دھمکی آمیز پیغام تحریر کیا تھا۔

" میں کل اسکول میں فائرنگ کروں گی۔ اپنے اپنے کمروں میں رہنا۔ جو کھلی جگہ پر ہوں گے وہ پہلے نشانہ بنیں گے۔"

پولیس کی طرف سے مشتبہ لڑکی اور اس کے اس پیغام کے محرکات کے بارے میں تاحال کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔

یہ دھمکی اور اس کے نتیجے میں ہونے والی گرفتاری کا واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب دو ہفتے قبل ہی اوریگن کے ایک کالج میں فائرنگ سے آٹھ طلبا اور ایک تربیت کار کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

حالیہ برسوں میں امریکہ کے مختلف تعلیمی اداروں میں اور عوامی مقامات پر ایسے ہلاکت خیز واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

ان واقعات کے تناظر میں صدر براک اوباما اسلحے سے متعلق سخت قوانین کی وکالت کرتے ہیں جب کہ بہت سے قانون ساز اس پر مختلف رائے رکھتے ہیں۔

صدر اوباما امریکی رائے دہندگان سے یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایسے سیاسی امیدوار کو مسترد کر دیں جو اس عام فہم اسلحہ قوانین کی مخالفت کرے۔

XS
SM
MD
LG