رسائی کے لنکس

شامی باغیوں کی تربیت جلد شروع ہو گی: پینٹاگون


باغیوں کو تربیت دینے کے لیے ترکی، قطر، سعودی عرب اور اردن اپنے علاقوں میں سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ کئی ماہ کی تیاریوں کے بعد شدت پسند گروپ داعش سے لڑنے کے لیے شام کے باغیوں کو تربیت دینے کا سلسلہ آئندہ چار سے چھ ہفتوں میں کسی بھی وقت شروع کیا جا سکتا ہے۔

پینٹا گون کے ترجمان ریئر ایڈمرل جان کربے کا کہنا تھا کہ تربیت میں شامل کرنے کے لیے 1500 شامی باغیوں کو منتخب کر لیا ہے۔

" ان 1500 میں سے ایک سو سے زائد کی جانچ کی جا چکی ہے۔ اس وقت تک ان کے بارے میں کسی طرح کی غلط معلومات حاصل نہیں ہوئی ہے۔ لہذا یہ عمل جاری ہے اور یہ اس کا پہلا اہم قدم ہے۔"

کربے نے بتایا کہ تربیت کا آغاز چھوٹے پیمانے پر شروع کیا جائے گا جس میں ایک کلاس میں تقریباً دو سو سے تین سے لوگوں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ ان کے بقول پینٹاگون کو امید ہے کہ ایک سال کے عرصے میں پانچ یا ساڑھے پانچ ہزار لوگوں کو تربیت دی جا سکے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر تربیت کے لیے لوگوں کی چھانٹی کرنے کا عمل موثر رہا تو اس تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

باغیوں کو تربیت دینے کے لیے ترکی، قطر، سعودی عرب اور اردن اپنے علاقوں میں سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

داعش کے خلاف لڑائی کے لیے امریکہ پہلے ہی عراقی فورسز کے ہزاروں لوگوں کو تربیت دے چکا ہے جب کہ اب بھی عراق میں مختلف مقامات پر ہزاروں کو تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

داعش نے گزشتہ سال عراق اور شام کے مختلف علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا اور اپنے سخت گیر موقف کو نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ اس نے علاقے میں اقلیتوں کے خلاف قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

امریکہ کی زیر قیادت اتحادی ممالک نے اس کے خلاف فضائی کارروائیاں بھی شروع کی تھیں جس سے داعش کو اب تک خاصا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

XS
SM
MD
LG