رسائی کے لنکس

امریکہ: مقامی پولیس اہلکار قتل، مشتبہ شخص کے خلاف تحقیقات


ڈیرن گو فورتھ
ڈیرن گو فورتھ

بتایا جاتا ہے کہ مشتبہ شخص نے ڈپٹی شیرف کو اس وقت چھپ کر ہلاک کیا جب وہ اپنی گاڑی میں پٹرول ڈلوا رہا تھا۔

امریکہ کی جنوبی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں استغاثہ نے 30 سالہ مشتبہ شخص پر ایک مقامی پولیس اہلکار کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مشتبہ شخص نے ڈپٹی شیرف ڈیرن گو فورتھ کو اس وقت چھپ کر ہلاک کیا جب وہ اپنی گاڑی میں پٹرول ڈلوا رہا تھا۔

پولیس نے کہا کہ قتل کے اس واقعہ کا کوئی واضح محرک ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے تاہم مشتبہ شینن مائیلز کا ماضی کا ریکارڈ بتاتا ہے کہ اس پر گرفتاری کی مزاحمت، غیر قانونی طور پر عمارت میں داخل ہونے سمیت کئی الزامات کا ریکارڈ ہے۔

ہیرس کاؤنٹی کے شیرف ران ہکمین کا کہنا ہے کہ تحقیقات کار یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ آیا سیاہ فام مشتبہ شخص نے ماضی قریب میں امریکہ میں کئی غیر مسلح سیاہ فام نوجوانوں کے پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر طیش میں آ کر یہ کام کیا ہو۔

سفید فام ڈیرن گو فورتھ نے ہیرس کاؤنٹی کے شیرف کے دفتر میں دس سال تک کام کیا اور جمعہ کی رات کو وہ یونیفارم پہنے ہوئے اپنی گاڑی می پٹرول ڈلوا رہے تھے جب ایک مسلح شخص نے پیچھے سے اس کے قریب آ کر اس پر کئی گولیاں چلائیں۔

ہفتے کو شیرف کی طرف سے جاری ایک بیان میں اس قتل پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور اسے ایک "سنگ دلانہ قتل" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے امریکی شہریوں کے ساتھ تعلقات کے متعلق تند و تیز بیانات ان کے بقول "قابو سے باہر ہو گئے ہیں۔"

انہوں نے اس واقعے کے شاہدین کو سامنے آنے کی درخواست کی ہے جبکہ کاؤنٹی کے استغاثہ ڈیون اینڈرسن نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے عوام سے مدد کی درخواست کی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ 2015ء میں اب تک امریکہ بھر میں 23 پولیس اہلکار اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔

XS
SM
MD
LG