رسائی کے لنکس

جرمنی: ریل گاڑیوں کے تصادم میں کم از کم نو ہلاک


حکام نے بتایا کہ 108 زخمیوں میں سے 18 کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جرمنی میں دو ریل گاڑیوں کے تصادم میں کم ازکم نو افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

جنوبی ریاست بویریا میں پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کو باد ابلینگ کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک ہی پٹڑی پر مخالف سمت سے آنے والی ریل گاڑیاں تصادم کا شکار ہوئیں۔

تاحال اس حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں لیکن بڑی تعداد میں امدادی کارکنان اور پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے علاوہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دیں۔

اب بھی متعدد مسافروں کے ریل گاڑیوں میں پھنسے ہونے کا بتایا جا رہا ہے جنہیں بحفاظت نکالنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام نے بتایا کہ 108 زخمیوں میں سے 18 کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دونوں ریل گاڑیاں میریڈیان کمپنی کے زیر انتظام تھیں۔

یہ کمپنی ایک فرانسیسی ٹرانسپورٹ فرم ٹرانسدیو کی ملکیت ہے جس نے ایک بیان میں اس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

کمپنی کے سربراہ جان مارک جانائیلک بھی جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

جرمنی کے وزیر ٹرانسپورٹ الیگزینڈر ڈوبرنٹ نے بھی یہاں کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت کچھ کہنا قبل از وقت ہے کہ یہ حادثہ کسی تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا یا پھر یہ انسانی غلطی کا شاخسانہ تھا۔

XS
SM
MD
LG