رسائی کے لنکس

دبئی: نیا ویزا سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ


دبئی سمیت عرب امارات کی تمام ریاستوں میں اگلے مہینے سے نیا ویزا سسٹم نافذ ہو رہا ہے جس کے تحت کئی نئی کیٹیگریز متعارف کرائی جائیں گی، جن میں وزٹ اور ورک ملٹی پل ویزا بھی شامل ہے۔

سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے متحدہ عرب امارات نے ویزا کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیا سسٹم اگست 2014ء سے نافذ العمل ہوگا جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

عرب امارات کے تجارتی جریدے عربین بزنس کا کہنا ہے کہ نئے نظام میں ویزے کی کئی نئی کیٹیگریز بھی متعارف کرائی جائیں گی جن میں وزٹ اور ورک ملٹی پل ویزا، اسٹڈی ویزہ، علاج معالجے اور کانفرنسیس کے لئے جاری کئے جانے والے ویزے بھی شامل ہیں۔

غیرملکیوں کے داخلے اور رہائش کے قوانین میں تبدیلیاں لانے کے فیصلے کا اعلان نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ سیف بن زائد النہیان نے کیا۔

وزارت ِداخلہ کا کہنا ہے کہ نئی ویزا فیس اوردیگر تفصیلات آئندہ چند روز میں وزارت کی ویب سائٹ پرجاری کی جائیں گی۔

وزارت داخلہ برائے نیوٹرلائیزیشن، ریذیڈینسی اورپورٹ افیئرز کے قائم مقام اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری میجر جنرل خلیفہ حرب الخیلی نے کہا کہ ویزا کے نئے نظام میں ملک میں داخلے اور ویزا کی نئی رینج متعارف کرائی گئی ہے جس کا مقصد مختلف سرگرمیوں کو سپورٹ کرنا اور ویزا سے متعلق عوام کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔

نئے ویزا سسٹم سے معاشی، سیاحتی اورسماجی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔

دوسری جانب ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے نمٹنے کی منصوبہ بندی بھی کرلی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG