رسائی کے لنکس

مالی: امن کاروں پر حملہ، اقوام متحدہ کی شدید مذمت


اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حکومتِ مالی سے مطالبہ کیا ہے کہ ہفتے کے روز ہونے والے اس حملے کی فوری تفتیش کی جائے اور حملہ آوروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے

اقوام متحدہ نے شمالی مالی میں کدال کے مقام پر واقع عالمی ادارے کے دفتر پر ہونے والے راکیٹ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں اقوام متحدہ کے دو امن کار اور ایک سولین کانٹریکٹر ہلاک ہوئے، جب کہ کم از کم 20 دیگر افراد زخمی ہوئے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حکومتِ مالی سے مطالبہ کیا ہے کہ ہفتے کے روز ہونے والے اس حملے کی فوری تفتیش کی جائے اور حملہ آوروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے، اے ایف پی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ القاعدہ سے منسلک ایک اسلام نواز گروپ، انصارالدین سے تعلق رکھنے والے ایک اعلیٰ رُکن نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’یہ حملہ اسلام دشمنوں کی جانب سے ہماری سرزمین پر کی جانے والی خلاف ورزیوں کا جواب ہے‘۔

اس دعویٰ کی کسی غیرجانبدارانہ ذریعے سے تصدیق نہیں ہو پائی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ رُکن ممالک نے اِس بات کی نشاندہی کی ہے کہ امن کاروں کو نشانہ بنا کر ہلاک کرنا بین الاقوامی قانون کی رو سے جنگی جرائم کے ضمرے میں آتا ہے، چاہے اس کی کوئی بھی وجہ ہو، اور اس میں ملوث لوگوں کا کسی کے ساتھ تعلق ہو۔

ہفتے کے روز ہونےوالے اس حملے سے قبل گذشتہ ہفتے شدت پسندوں نے مالی کے دارالحکومت، بماکو میں ایک پُر تعیش ہوٹل پر حملہ کیا تھا جس میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG