رسائی کے لنکس

امریکہ: 19 شخصیات کے لیے صدارتی تمغہ آزادی


میڈل آف فریڈم پانے والوں میں اداکارہ میرل سٹریپ بھی شامل ہیں، جو صدر اوباما کے بقول "صحیح معنوں میں امریکہ کی صف اول کی خواتین میں سے ایک ہیں۔"

صدر براک اوباما نے 19 شہریوں کو امریکہ کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ "صدارتی تمغہ آزادی" سے نوازا ہے۔

پیر کو یہ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں فنکار، سرگرم کارکن اور فلاحی شہری حقوق کے لیے کام کرنے والے تین افراد کو بعد از مرگ یہ ایوارڈ دیا گیا۔

50 سال پہلے ان لوگوں کو سفید فام نسلی تعصب رکھنے والے ایک گروہ نے قتل کر دیا تھا۔

جیمز چانی، اینڈریو گڈمین اور مائیکل شوارنر کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ ریاست مسیسیپی میں سیاہ فام لوگوں کو ووٹ ڈالنے کا اہل بنانے کے کوششوں کے لیے سرگرم تھے۔

چانی سیاہ فام تھے جب کہ گڈمین اور شوارنر سفید فام تھے۔ ان افراد کے وحشیانہ قتل کے اس تحریک کو قوت حاصل ہوئی جس کا نتیجہ 1964ء کے بلا امتیاز شہری حقوق کے قانون اور 1965ء میں حق رائے دہی کے قوانین کی منظوری کی صورت میں نکلا۔

گولف کے سابق کھلاڑی چارلس سفورڈ بھی ایک سیاہ فام ہیں جنہیں یہ ایوارڈ دیا گیا۔ 92 سالہ سفورڈ بھی انسانی حقوق کے اولین کارکنوں میں سے ہیں۔ انھوں نے 1960 کی دہائی میں گولفر ایسوسی ایشن میں اس وقت حصہ لیا جب ان مقابلوں میں صرف سفید فام ہی کھیل سکتے تھے۔

قتل کی دھمکیوں اور ہراساں کیے جانے کے باوجود وہ پہلے سیاہ فام گولفر تھے جنہوں نے پروفیشنل گولفرز ایسوسی ایشن ٹورنامنٹ دو بار 1967 اور 1969 میں جیتا۔

میڈل آف فریڈم پانے والوں میں اداکارہ میرل سٹریپ بھی شامل ہیں، جو صدر اوباما کے بقول "صحیح معنوں میں امریکہ کی صف اول کی خواتین میں سے ایک ہیں۔"

سینیٹر رابرٹ کینیڈی کی بیوہ ایتھل کینیڈی کو ایوارڈ دیتے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ " ہم ایسی شخصیت کے شکر گزار ہیں جن کی اپنے خاندان سے محبت قوم کے لیے جذبے سے مطابقت ہے۔"

ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں گلوکار، نغمہ نگار اسٹیوو ونڈر اور میشی گن سے تعلق رکھنے والے قانون ساز جان ڈنجل، جو کانگریس میں سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے نمائندے ہیں، بھی شامل تھے۔

دیگر افراد میں سابق قانون ساز ابنر مکوا، کمپوزر اسٹیفن سونڈہیم، این بی سی کے سینیئر صحافی ٹام بروکو کے علاوہ مصنفہ ازابیل النڈی بھی شامل ہیں جن کی 21 کتابوں کی 35 زبانوں میں ساڑھے چھ کروڑ جلدیں فروخت ہو چکی ہیں۔

سوزان ہارجو کو مقامی امریکیوں کا معیار زندگی بہتر کرنے کے کوششوں کے اعتراف میں میڈل آف فریڈم دیا گیا۔ اداکارہ اور سرگرم کارکن مارلو تھامس، اقتصادی ماہر رابرٹ سولو، ملڈریڈ ڈریسلہاو کو بھی اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ایلون ایلی، خاتون قانون ساز پیٹسے منک اور ایڈروڈ رویبال کو بعد از مرگ یہ ایوارڈ دیا گیا۔

صدر جان ایف کینیڈی نے 1963ء میں صدارتی تمغہ آزادی کا اجرا کیا تھا اور تب سے اب تک تقریباً 500 افراد کو یہ ایوارڈ دیا جا چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG