رسائی کے لنکس

ایبولا کی ویکسین 2015 کے وسط تک متوقع: عالمی ادارہ ِصحت


گذشتہ روز افریقی ملک مالی میں اور نیویارک میں ایبولا سے متاثرہ ایک، ایک مریض کی تصدیق ہوئی ہے

عالمی ادارہٴصحت کا کہنا ہے کہ ایبولا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی تیاری کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے سال کے وسط تک ایبولا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین تیار کرلی جائے گی۔

عالمی ادارہٴصحت کا کہنا ہے کہ ایبولا کے حوالے سے دو ویکسینز انسانوں پر تجربات کے لیے تیار ہیں، جبکہ ایبولا کے حوالے سے دیگر پانچ تجرباتی ویکسینز پر بھی کام جاری ہے جو اگلے سال تک تیار ہو جائیں گی۔

ادارے سے منسلک میری پال کینی نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ، ’اگلے سال تک ہماری پاس ایبولا کی ویکسین بڑے پیمانے پر تیار ہوگی۔ ہمیں توقع ہے کہ دو لاکھ یا اس کے لگ بھگ ویکسینز تیار ہوں گی‘۔

میری پال کینی کا مزید کہنا تھا کہ، ’اس وقت ایبولا کے حوالے سے کم از کم پانچ ویکسینز پر کام ہو رہا ہے اور وہ ویکسینز اگلے سال کے آغاز تک تجربات کے لیے تیار ہوں گی‘۔

مالی میں گذشتہ روز ایبولا کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ امریکی ریاست نیو یارک میں بھی ایک ڈاکٹر میں ایبولا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایبولا کے باعث اب تک دنیا بھر میں اور بالخصوص افریقی خطے میں تقریباً 5 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG