رسائی کے لنکس

جرمنی فٹبال کا نیا عالمی چمپیئن


جرمنی نے ارجنٹینا کو ایک صفر سے ہرا دیا؛ اور اس طرح، تاریخ میں پہلی بار ایک یورپی ٹیم نے لاطینی امریکہ کی سرزمین پر دنیائے فٹ بال کا اعلیٰ ترین اعزاز جیتا

اتوار کو برازیل کے شہر ریو ڈی جنیئرو میں 30 منٹ کے اضافی کھیل میں جرمنی نے ارجنٹینا کو ایک-صفر سے شکست دے کر چمپئین شپ اپنے نام کرلی۔

جرمنی نے یہ واحد گول اضافی وقت کے دوران کیا؛ اور اس طرح، تاریخ میں پہلی بار ایک یورپی ٹیم نے لاطینی امریکہ کی سرزمین پر دنیائے فٹ بال کا یہ اعلیٰ ترین اعزاز جیتا۔

جرمن ٹیم کا یہ گول متبادل جرمن کھلاڑی، ماریو گوزے نے اسکور کیا، جنھوں نے کھیل کی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

گوزے کو یہ پاس آندرے شول نے کھیل کے 113ویں منٹ میں دیا، جنھوں نے کاریگری سے اسے روکا اور سرگیو رومیرو کو جھانسہ دیتے ہوئے ارجینٹنا کے گول میں پہنچا دیا۔

جرمنی نے ورلڈ کپ کا عالمی ٹائٹل 24 سال بعد جیتا۔

اس سے قبل، کھیلے گئے 90 منٹ کا کھیل کسی گول کے بغیر برابر رہا، جس کے بعد، 30 منٹ کا اضافی کھیل ہوا۔

فائنل کےاس سنسنی خیز میچ میں، شروع ہی سے دونوں ٹیموں کی طرف سے گول پولز پر تابڑ توڑ حملے جاری رہے۔

اسٹیڈیم میں ستر ہزار شائقین موجود تھے، جن میں باقی شخصیات کے علاوہ جرمن چانسلر آنگلہ مرخیل اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن بھی شامل تھے۔

ارجنٹینا کی ٹیم کی قیادت لائنل میسی جب کہ جرمن ٹیم کی کپتانی فلپ لیم کر رہے تھے۔

ارجنٹینا اور جرمنی عالمی کپ فٹبال میں اب تک دو مرتبہ 1986ء اور 1999ء میں ایک دوسرے کا مقابلہ کرچکے ہیں؛ جب کہ جرمنی تین بار اور ارجنٹینا دو بار عالمی چمپیئن کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

تاریخ میں پہلی بار دو ٹیمیں تیسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں مدِ مقابل ہیں۔

XS
SM
MD
LG