رسائی کے لنکس

ملائیشیا سے پکڑے جانے والا دنیا کا سب سے بڑا اژدہا


حکام نے بتایا کہ اسے سیاحت کے لیے ایک مشہور جزیرہ پینانگ کے ایک ضلع پایا ٹیری بونگ میں نئے زیر تعمیر فلائی اوور کے کارکنوں کی طرف سے دیکھا گیا تھا۔

ملائیشیا میں ایک زیر تعمیر عمارت کی سائٹ پر سے ایک بہت بڑا اژدہا پکڑا گیا ہے، جو ابتدائی اندازوں کے مطابق اب تک پکڑے جانے والا دنیا کا سب سے لمبا سانپ پو سکتا ہے۔

ملائیشیا میں شہری دفاع کے محکمے کے اہل کار ہرم ہری شیام نے اخبار گارڈین کو بتایا کہ جمعرات کو پکڑے جانے والا اژدہا ( پائی تھن) 8 میٹر یا 26 فٹ لمبا ہے اور اس کا وزن تقریبا 250 کلو گرام ہے۔

حکام نے بتایا کہ اسے سیاحت کے لیے ایک مشہور جزیرہ پینانگ کے ایک ضلع پایا ٹیری بونگ میں نئے زیر تعمیر فلائی اوور کے کارکنوں کی طرف سے دیکھا گیا تھا۔

کارکنوں نے اسے جمعرات کو تعمیر کی سائٹ پر ایک درخت کے نیچے دیکھا تھا جس کے بعد ہنگامی خدمات کو بلایا گیا تھا اور حکام کو اسے پکڑنے میں تقریباً 30 منٹ لگے۔

تاہم بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز انڈے دینے کے بعد اژدہے کی موت واقع ہو گئی ہے اور یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ سانپ کے مرنے کی وجہ کیا ہو سکتی ہے۔

اسے فی الحال شہری دفاع کے ہیڈ کوارٹر میں رکھا گیا ہے لیکن بعد میں اسے محکمہ جنگلی حیات کے حوالے کر دیا جائے گا۔

اس نوع کے اژدہا کو اس کی خانے دار گہرے رنگ کی جلد کے پیٹرن کی وجہ سے رہٹی کولیٹیڈ پائی تھن کا نام دیا گیا ہے عام طور پر یہ سانپ 3 سے 6 میٹر لمبا ہوتا ہے اور پانی میں پایا جا سکتا ہے۔

اس نوع کا اژدہا جنوب مشرقی ایشیا کا بڑا سانپ کہا جاتا ہے اور اسے عام طور پر رینگنے والی بڑی مخلوق یا سب سے بڑے سانپ کے طور پر جانا جاتا ہے۔

اژدھے کی دوسری نسلوں کی طرح یہ اژدہا زہریلا نہیں ہے اور عام طور پر اسے انسانوں کے لیے خطرناک نہیں سمجھا جاتا ہے تاہم بہت بڑا طاقتور سانپ انسان پر حملہ کر سکتا ہے لیکن اس طرح کے واقعات کبھی کبھار ہی رپورٹ کئے جاتے ہیں۔

گینیز بک ورلڈ ریکارڈز کے مطابق دنیا کے سب سے لمبے سانپ کا موجودہ ریکارڈ میڈوسا نامی اژدہا کے پاس ہے۔ جو امریکی ریاست میسوری میں رہتا ہے اسے امریکی ریاست کنساس میں ایک شو کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔

2011 میں جب میڈوسا کو پکڑا گیا تھا تو اس کی لمبائی 7.67 میٹر تھی۔ جبکہ اس کا وزن 158.8 کلو گرام ہے، جو کہ ملائیشیا سے پکڑے جانے والے اس اژدھے کے مقابلے میں 90 کلو کم وزنی ہے۔

XS
SM
MD
LG