رسائی کے لنکس

یمن: سنی ملیشیا نے اہم فوجی تنصیبات کا کنٹرول حاصل کر لیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یمن میں جاری لڑائی اور فضائی کارروائیوں کے تناظر میں یہاں امن کے لیے کی جانی والی کوششوں کی کامیابی کے آثار بہت کم دکھائی دیتے ہیں۔

یمن میں شیعہ حوثی باغیوں سے برسرپیکار سنی ملیشیا نے جنوبی شہر ضالع میں اہم فوجی تنصیبات کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

پیر کو یہاں ہونے والی لڑائی میں جانی نقصانات کے بارے میں متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ ایک اطلاع کے مطابق اس میں درجنوں باغی ہلاک اور 70 کے قریب زخمی ہوئے۔

دریں اثناء سعودی قیادت میں اتحادی فورسز نے یمن میں دارالحکومت صنعاء سمیت مختلف علاقوں میں اپنی فضائی کارروائی جاری رکھی ہوئی ہیں۔

بعض عینی شاہدین کے مطابق سابق صدر علی عبداللہ صالح کے بیٹے احمد صالح سے وابستہ ایک گھر کو تباہ کر دیا گیا۔ سابق صدر حوثی باغیوں کے حامیوں میں سے ایک ہیں۔

یمن میں جاری لڑائی اور فضائی کارروائیوں کے تناظر میں یہاں امن کے لیے کی جانی والی کوششوں کی کامیابی کے آثار بہت کم دکھائی دیتے ہیں۔

یمن اور اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ہونے والی امن کانفرنس کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

یمن کے صدر منصور ہادی تاحال سعودی عرب میں ہی قیام پذیر ہیں اور انھوں نے حوثی باغیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد کرتے ہوئے بات چیت سے پہلے اپنے قبضے میں لیے گئے علاقوں کا کنٹرول چھوڑ دیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ پیشگی شرائط کے بغیر بات چیت میں حصہ لیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں جاری لڑائی کے باعث اب تک ایک ہزار سے زائد عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں اور اس شورش کے خطے میں پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔

XS
SM
MD
LG