رسائی کے لنکس

وائس آف امریکہ کی اردو سروس کا آغاز 1953ء میں ہوا تھا، جس کا مقصد برصغیر کی اردو سمجھنے والی آبادی تک پہنچنا تھا۔ کئی عشروں تک یہ سروس صرف ریڈیو تک محدود رہی، لیکن 2005ء میں ٹیلی ویژن نشریات کا آغاز ’خبروں سے آگے‘ پروگرام سے ہوا، جو سات برس تک جاری رہا، جسے پاکستان کے ایک مقبول ترین پروگرام کا درجہ حاصل رہا۔ یہ پروگرام جیو اور آج ٹی وی پر نشر کیا جاتا رہا ہے اور واشنگٹن سے پاکستان کے لیے نشر ہونے والا اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام تھا۔ ِاسی سال، اردو وی او اے ویب سروس کا بھی آغاز کر دیا گیا۔ اس وقت ہماری ویب سائٹ کا شمار اردو کی چند مقبول ترین ویب سائٹوں میں ہوتا ہے۔

‎ہماری ریڈیو سروس ’ریڈیو آپ کی دنیا‘ کہلاتی ہے، جس کے پروگرام میڈیم ویو 972 کلو ہرٹز پر پاکستانی وقت کے مطابق روزانہ شام 7 بجے شروع ہوتے ہیں اور صبح 7 بجے تک جاری رہتے ہیں۔ ان پروگراموں میں پاکستان، جنوبی ایشیا اور پوری دنیا کی تازہ ترین خبریں، حالاتِ حاضرہ، صحت، ادب و ثقافت، خواتین کے مسائل، سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، امریکی زندگی، اور عام دلچسپی کے دیگر موضوعات پر فیچرز سنوائے جاتے ہیں۔ پروگراموں کے دورا ن مقبولِ عام پاکستانی اور ہندوستانی گیتوں کے ساتھ ساتھ مغربی موسیقی بھی پیش کی جاتی ہے۔ اس طرح ’ریڈیو آپ کی دنیا ‘ایک ہی جگہ پر خبروں، معلومات اور تفریح کا ایک دل چسپ اور متوازن امتزاج پیش کرتاہے۔

‎جن سامعین کو خبروں اور حالاتِ حاضرہ سے خصوصی دلچسپی ہے، ان کے لیے ہم روزانہ ایک ایک گھنٹے کے دو خصوصی پروگرام ’ان دی نیوز‘ اور ’راؤنڈ ٹیبل‘ براہِ راست پیش کرتے ہیں جو صرف خبروں اور حالاتِ حاضرہ پر مشتمل ہوتے ہیں۔ ان پروگراموں میں ممتاز دانش ور اور مبصرین اہم موضوعات پر اظہارِ خیال کرتے ہیں۔

’ثنا، ایک پاکستانی‘ وائس آف امریکہ اردو سروس کا مقبول ترین ٹیلی ویژن پروگرام رہا ہے جسے ہر جمعرات اور جمعے کو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے ’آج‘ نیوز چینل پر پیش کیا جاتا رہا ہے۔ نامور پریزنٹر، ثنا مرزا کے برجستہ انداز اور پُراثر شخصیت کے ساتھ ساتھ اس پروگرام کے خصوصی فارمیٹ کو پاکستان کے علاوہ دنیا بھر کے ناظرین کے ہر طبقے کی طرف سے نمایاں پذیرائی حاصل رہی ہے، جسے ’وی او اے‘ کی ایک خصوصی پیش کش کا درجہ حاصل رہا ہے۔

’زندگی 360‘ میں زندگی کے ہر زاوئے نظر کو پیش کیا جاتا ہے۔ وائس آف امریکہ کے ٹیلی ویژن پروگراموں میں یہ ایک ’خصوصی شو‘ کا درجہ رکھتا ہے۔ یہ ٹیلی ویژن شو ہر جمعے کے روز پاکستان کے وقت کے مطابق شام سات بجے ’ہم‘ ٹیلی ویژن پر نشر ہوتا ہے۔ ایک مختصر وقت کے اندر اندر، اس شو نے اپنے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد کی توجہ اپنی طرف مبذول کرالی ہے۔ اس پروگرام کی کامیابی کا باعث شو کے پریزنٹرز رضا نقوی اور شُنالی سین کا انوکھا اور بے باک انداز بیاں ہے۔

’وی او اے‘ اردو ویب کا باقاعدہ افتتاح 2006ء میں ہوا، جِس نے گذشتہ سات برسوں کے دوران، ہراعتبار سے اردو زبان کے ایک مقبول ترین عالمی ویب سائٹ کا درجہ حاصل کرلیا ہے، جو غیر جانبدار، متوازن اور قابلِ اعتماد ہے۔

ویب سائٹ پر آنے والے ہر طبقے کے لیے، حالاتِ حاضرہ، تجزیے، سیاست، سائنس، فنون، ایجادات، خواتین و نوجوانان سمیت اہمیت کے حامل تمام متعلقہ موضوعات پرتازہ ترین، جدید اور سیر حاصل مواد دستیاب ہے۔ ویب سائٹ پر نظر ڈالی جائے تو اِس کے مندرجات میں خبریں، پاکستان، امریکہ، دنیا، سائنس و صحت، فلم و آرٹ، تعلیم و نوجوان، کھیل، خواتین، جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ، مذہب و معیشت شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، ریڈیو، ٹیلی ویژن اور بلاگز کے لیے علیحدہ پیجز کے علاوہ فوٹو گیلریز، آڈیواور وڈیو، سٹیزن جرنلسٹس اورخصوصی رپورٹس کا مفصل و معیاری مواد موجود رہتا ہے۔

ساتھ ہی ساتھ، ریڈیو، ٹی وی اور ویب پروڈیوسرز، ایڈیٹرز اور نامہ نگاروں کے اپنے انفرادی ویب پیج بھی موجود ہیں، جہاں اُن کی قابلِ رشک صحافتی کاوشیں قارئین، سامعین و ناظرین کا دھیان مبذول کرانے کے منتظر و متمنی ہیں۔

اگر معیار، تصاویر اور اپ لوڈ اسپیڈ کو ہی نظر میں رکھا جائے، تو معلوم ہوگا کہ سات برس قبل اپ لوڈ، کنٹینٹ اور ملٹی میڈیا منیجمنٹ پلیٹ فارم کے لحاظ سے ’کامن اسپاٹ‘ اور ’کِلک ایبلٹی‘ کے بعد سنہ 2012میں ’پینجیا ملٹی میڈیا پلیٹ فارم‘ کی سہولیت میسر آنے کے بعد، یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ، ہر لحاظ سے، ویب سائٹ ایک مثالی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔

پھر یہ کہ ویب سائٹ پر خبر اور رپورٹ کے چھپتے ہی، وہ ’فیس بک‘ اور’ٹوئٹر‘ کےمقبول عام سماجی میڈیا کی زینت ہی نہیں بنتی، بلکہ روزانہ لاکھوں شائقین تک رسائی کےچیلنج کو کامیاب بھی کر دکھایا ہے۔ اسے اعداد و شمار کے اعتبار سے بخوبی پرکھا جا سکتا ہے۔

انٹرایکٹو صحافت کے میدان میں پیش رفت کو دیکھنا ہو، تو ایک لمحے کے لیے ’آمنے سامنے‘ کے عنوان سے ہر جمعرات کو’فیس بک ویکلی لائیو چیٹ‘ پر نظر ڈالیے ، جِس کا بے باک نیا انداز شائقین و شرکا کی دلچسپی کا منتظر ہے۔

XS
SM
MD
LG