رسائی کے لنکس

عصمت فروشی کے اڈےکی مبینہ مالکہ کی ضمانت منظور


عدالت نے خاتون کو پابند بنایا ہےکہ وہ ایک ماہ تک ہرروز حیات آباد کی زرغونی مسجد کے امام سے وعظ سنے گی اور اپنے گناہوں کی معافی مانگے گی

پشاور ہائی کورٹ نے عصمت فروشی کے ایک اڈے کی مالکہ کی درخواست ضمانت اس منفرد شرط کے ساتھ منظور کرلی کہ وہ روزانہ ایک گھنٹےکا دینی وعظ سننے علاقے کی مسجد جایا کرے گی۔

پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ پشاور کے علاقے حیات آباد فیز فور میں مبینہ طور پر عصمت فروشی کا ایک اڈہ کھلاہوا ہے ۔

پولیس نے6ستمبر کو اُس کے خلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے چھاپہ مارا اور چھ لڑکیوں کو گرفتار کرلیا۔


روزنامہ ” ٹریبون“ کی ایک خبر کے مطابق تمام ملزمان نے 14ستمبر کو اپنی ضمانت کے لئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسد حمید بنگش کی عدالت میں ایک درخواست دائر کی تاہم عدالت نے ان کی یہ درخواست مسترد کردی۔

پیر کے روز درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے چار خواتین پر 50ہزار روپے کا جرمانہ اور ایک منفرد شرط عائد کرتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کرلی۔ شرط یہ تھی کہ کوٹھے کی مالکہ کو ایک ماہ تک روز انہ علاقے کی مسجد جاکر دینی واخلاقی وعظ سننا ہوگا۔

عدالت نے اُسے پابند بنایا ہے کہ وہ ایک ماہ تک ہر روز حیات آباد کی زرغونی مسجد کے امام سے وعظ سنے گی اور اپنے گناہوں کی معافی مانگے گی۔
XS
SM
MD
LG