رسائی کے لنکس

برطانیہ شام کے باغی مسلح گروپوں سے رابطہ کرے گا


برطانوی وزیر اعظم اردن می شامی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کے دورے کے موقع پر
برطانوی وزیر اعظم اردن می شامی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کے دورے کے موقع پر

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے دفتر کے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ حکومت نے صدر بشارالاسد مخالف عسکری گروپوں کے نمائندوں کے ساتھ براہ راست رابطوں کی اجازت دے دی ہے۔

برطانیہ نے کہاہے کہ وہ شام میں جاری بحران کے سیاسی حل کے لیے باغی مسلح تنظیموں سے بات چیت کرے گا۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ حکومت نے صدر بشارالاسد مخالف عسکری گروپوں کے نمائندوں کے ساتھ براہ راست رابطوں کی اجازت دے دی ہے، لیکن برطانیہ انہیں فوجی امداد نہیں دے گا۔

مسٹر کیمرون نے اردن میں واقع شامی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کے ایک دورے کے دوران کہا کہ وہ امریکہ کے ساتھ مل کر شام کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں۔

شام کی حزب اختلاف کے راہنما ایک نمائندہ جلاوطن حکومت کے قیام کے سلسلے میں اس ہفتے قطر میں اپنا اجلاس منعقد کررہے ہیں۔

جب کہ شام میں ہلاکت خیز تشدد بدستور جاری ہے اور بدھ کے روز سرکاری ٹیلی ویژن اور حزب اختلاف کی تنظیموں نے اپنی الگ الگ رپوٹس میں دارالحکومت دمشق کے علاقے مزہ میں مارٹر اور توپوں کے گولے گرنے کی اطلاع دی ہے۔

سرگرم کارکنوں کا کہناہے کہ منگل کے روز ملک کے مختلف حصوں میں لڑائیوں اور تشدد کے نتیجے میں 150 افراد ہلاک ہوگئے ، جن میں دمشق اور حلب میں جاری فضائی حملوں اور زمینی لڑائیوں میں ہلاک ہونے والے افراد بھی شامل ہیں۔

شام کا تنازع اب اپنے 20 مہینے میں داخل ہوچکاہے اور ایک اندازے کے مطابق اس خانہ جنگی میں اب تک 36 ہزار کے لگ بھگ افراد مارے جاچکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG