رسائی کے لنکس

ودیا بالن نے سدھارتھ رائے کپورسے شادی کرلی


شادی انتہائی سادگی کے ساتھ باندرا کے علاقے میں واقع ’گرین مائل‘ بنگلے میں جنوبی بھارت کی روایات کے مطابق ہوئی۔


ودیا بالن آخر کاراپنی محبت پانے میں کامیاب ہوہی گئیں۔ جمعہ کی صبح انہوں نے ” اسٹوڈیوز ڈزنی ٹی وی“ کے سربراہ سدھارتھ رائے کپور کے ساتھ شادی کے پھیرے لے لئے اورسدا کے لئے ان کی ہو گئیں۔وہ پچھلے کئی برسو ں سے سدھارتھ کے ساتھ خبروں کی زینت بنی ہوئی تھیں۔

جمعہ کی صبح ساڑھے چار بجے انہوں نے ممبئی کے ایک مندر میں اپنے اہل خانہ اور دوستوں کی موجودگی میں شادی کے پھیرے لئے، جبکہ ہفتے کو چنائی میں انہوں نے بڑے پیمانے پر استقبالیے کا اہتمام کیا ہے جس میں فلمی دنیا کی بڑی بڑی شخصیات کے شرکت کرنے کی توقع ہے۔

اس سے قبل بدھ کی رات ممبئی کے علاقے کھار میں واقع ان کی رہائش گاہ پر مہندی کی رسم اداہوئی۔ اس موقع پر ودیا کے گھروالوں کے ساتھ ساتھ ان کی پسندیدہ اداکارہ ریکھا بھی موجود تھیں۔

شادی انتہائی سادگی کے ساتھ باندرا کے علاقے میں واقع ’گرین مائل‘ بنگلے میں ہوئی۔ شادی جنوبی بھارت کی روایات کے مطابق ہوئی۔اس موقع پر انہوں نے روایتی پیلے رنگ کی بنگالی طرز کی ساڑھی پہنی ہوئی تھی اور تازہ پھولوں کے گجروں سے خود کو آرستہ کیا ہواتھا۔

بھارت کے تمام اخبارات اور ٹی وی چینلز نے ان کی شادی کی خبریں نمایاں انداز میں پیش کیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ اور ودیا ہنی مون کے لئے کیربین آئی لینڈ جارہے ہیں۔ واپسی پر یہ دونوں جوہو والے” سی فیسنگ“ فلیٹ میں رہیں گے۔ سدھارتھ نے پچھلے ہی دنوں 14کروڑ روپے میں یہ فلیٹ خریدا ہے۔
XS
SM
MD
LG