رسائی کے لنکس

تمام امریکیوں کو جلد کووڈ اور انفلونزا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کی ہدایت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وائٹ ہاؤس نے ملک کے دو چوٹی کے ڈاکٹروں سے کہا ہے کہ وہ تمام امریکیوں پر اگلے چھ ہفتوں میں کووڈ۔19 اور انفلوئنزا سے بچاؤ کی ویکسین کے ٹیکے لگوانے کے لیے زور دیں۔

امریکہ کے بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز کی رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک میں ہفتہ وار اموات نمایاں طور پر کم ہیں، جس کی وجہ دو عوامل ہیں۔ ایک تو ویکسینیشن یا پہلے انفیکشن کے نتیجے میں آبادی کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوا ہے اور دوسرا یہ کہ ان مریضوں کے ابتدائی علاج میں بہتری آئی ہے جنہیں وائرس کا ہدف بننے کا زیادہ خطرہ ہے ۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ وہ ویکسینیشن کے پروگراموں یا ویکسینیشن کی حوصلہ افزائی کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز میں اگلے چھ ہفتوں میں 35 کروڑ ڈالرکی سرمایہ کاری کرے گا تاکہ انفکیشن کے خطرے سے لوگوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

وائٹ ہاؤس کا یہ بھی کہنا ہے کہ صحت اور انسانی خدمات کا وفاقی محکمہ ان تنظیموں کوساڑھے 12 کروڑ ڈالر کے فنڈز مہیا کرے گا جو بوڑھوں اور معذور افراد کی خدمت کرتی ہیں ۔

ڈاکٹر فاؤچی وائٹ ہاؤس میں ویکسین کی اہمیت پربات کررہے ہیں۔ 22 نومبر 2022
ڈاکٹر فاؤچی وائٹ ہاؤس میں ویکسین کی اہمیت پربات کررہے ہیں۔ 22 نومبر 2022

متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھنی فاؤچی نے منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ویکسین محفوظ اور موثر ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ قوت مدافعت اور تحفظ کم ہو جاتا ہے۔

ڈاکٹر فاؤچی 81 سال کی عمر میں الرجی اور متعدی امراض کے قومی انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ کی حیثیت سے 38 سال تک فرائض سر انجام دینے کے بعد اس سال کے آخر میں ریٹائر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا اس پوڈیم سے یہ آخری پیغام ہوسکتا ہے ۔ آپ براہ کرم اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کے لیےکووڈأ19 سے بچاؤ کا شاٹ لگوائیں ۔

امریکہ اب تک دنیا کے 166 ملکوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ساڑھے 66 کروڑ سے زیادہ خوراکیں عطیہ کر چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG