رسائی کے لنکس

کپتان پر تنقید مہنگی پڑگئی، عبدالرزاق پر جرمانہ


پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کلھلاڑی عبدالرزاق
پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کلھلاڑی عبدالرزاق

عبدالرزاق نے گزشتہ ماہ سری لنکا میں 'ورلڈ ٹوئنٹی20' کے سیمی فائنل میں قومی ٹیم سے ڈراپ کیے جانے پر کپتان محمد حفیظ پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کپتان محمد حفیظ کو تنقید کا نشانہ بنانے پر قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عبدالرزاق پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔

پی سی بی نے گزشتہ ہفتے عبدالرزاق کو 'اظہارِ وجوہ ' کا نوٹس جاری کیا تھا جس میں ان سے کپتان محمد حفیظ سے متعلق میڈیا میں بیان بازی پر وضاحت طلب کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ عبدالرزاق نے گزشتہ ماہ سری لنکا میں 'ورلڈ ٹوئنٹی20' کے سیمی فائنل میں قومی ٹیم سے ڈراپ کیے جانے پر کپتان محمد حفیظ پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا اور اپنی ٹیم میں عدم شمولیت پر کپتان کو قصور وار ٹہرایا تھا۔

تاہم محمد حفیظ نے اپنے ردِ عمل میں جوابی حملے سے گریز کرتے ہوئے کہا تھا کہ عبدالرزاق کو نہ کھلانے کا فیصلہ ٹیم منیجمنٹ کا تھا۔

جمعے کو کپتان حفیظ اور عبدالرزاق نے 'پی سی بی' کے لاہور میں واقع صدر دفتر میں بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف سے ملاقات کی اور تنازع کے بارے میں انہیں اپنے اپنے موقف سے آگاہ کیا۔

'پی سی بی' حکام کے مطابق ملاقات میں عبدالرزاق نے اپنی غلطی تسلیم کی جس کے بعد ان پر صرف ایک لاکھ روپے جرمانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں عبدالرزاق نے تسلیم کیا کہ وہ کپتان پر تنقید کرکے 'پی سی بی' کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا کپتان محمد حفیظ کے ساتھ کوئی تنازع نہیں اور انہوں نے حفیظ کے خلاف جو بیان دیا تھا وہ وقتی جذبات کا نتیجہ تھا۔
XS
SM
MD
LG