رسائی کے لنکس

نیٹو کے فضائی حملے میں پانچ افغان فوجی ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج (ایساف) نے ایک بیان میں کہا کہ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ وہ کون سے حالات تھے جن کی وجہ سے یہ بدقسمت واقعہ پیش آیا۔

افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کی ایک فضائی کارروائی میں پانچ افغان فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

جمعرات کو مشرقی صوبہ لوگر میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ ’’ اس کی وجوہات واضح نہیں اور تحقیقات کی جا رہی ہیں۔‘‘

افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج (ایساف) کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں تصدیق کی گئی کہ مشرقی افغانستان میں ہونے والی کارروائی میں پانچ افغان فوجی ’’حادثاتی طور‘‘ پر ہلاک ہو گئے۔

بیان کے مطابق تحقیقات کی جارہی ہیں کہ وہ کون سے حالات تھے جن کی وجہ سے یہ بدقسمت واقعہ پیش آیا۔

’’ہم ہلاک ہونے والے افغان نیشنل آرمی کے اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں۔ ہم اپنے افغانی اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کی قدر کرتے ہیں اور اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔‘‘

غیر ملکی افواج کی فضائی کارروائیوں میں مقامی لوگوں کی ہلاکت افغانستان اور بین الاقوامی افواج خصوصاً امریکہ کے ساتھ ایک وجہ تنازع رہا ہے۔ صدر حامد کرزئی ایسی کارروائیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان کے سدباب پر زور دیتے رہے ہیں۔

اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ وہ شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں حتیٰ الامکان محتاط انداز اپناتی ہیں تاکہ اس میں عام شہریوں کو نقصان نہ پہنچے۔
XS
SM
MD
LG