رسائی کے لنکس

افغانستان: پارلیمانی انتخابات کے امیدوار اور 18 انتخابی کارکن اغوا


طالبان
طالبان

افغانستان میں عہدے داروں نے کہا ہے طالبان نے ملک میں پارلیمانی انتخابات کے موقع پر ایک امیدوار سمیت 19 انتخابی کارکنوں کو اغوا کرلیا ہے۔

مشرقی صوبے لغمان میں انتخابی امیدوار کے اغوا کی ذمہ داری عسکریت پسند وں نے قبول کی ہے۔شمال مغربی صوبے بادغیس سے ملنے والی خبروں کے مطابق وہاں سے انتخابات سے متعلق آٹھ عہدے داروں اور انتخابی مہم چلانے والے دس کارکنوں کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

ہفتے کے روز ملک بھر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل ہی طالبان عسکریت پسند کم از کم تین امیدواروں اور کئی انتخابی کارکنوں کو ہلاک کرچکے ہیں۔ طالبان نے دھمکی دی ہے کہ اس موقع پر ملک بھر میں حملے کریں گے جیسا کہ انہوں نے گذشتہ سال صدارتی الیکشن ووٹروں میں خوف زدہ کرنے کے لیے کیے تھے۔

تشدد کی دھمکیوں کے باوجود افغان صدر حامد کرزئی نے جمعے کے روزتمام افغانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشنوں پر جائیں۔

افغان پارلیمنٹ کی ایوان زیریں کی 249 نشستوں کے لیے لگ بھگ 2500 امیدوار میدان میں ہیں۔

جمعے کے روز دارالحکومت کابل کی بڑی شاہراہوں پر پولیس کے اضافی ناکوں اورکاروں کی جانچ پڑتال کے باعث زیادہ تر خاموشی نظر آئی ۔

انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے افغان حکومت نے ڈھائی لاکھ سے زیادہ پولیس اہل کاروں اور فوجیوں کو تعینات کیا ہے، جنہیں بین الاقوامی فورسز کی مدد حاصل ہے۔

انتخابی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ 6000 ہزار سے زیادہ پولنگ اسٹیشن ، جو کل تعداد کا تقریباً 15 فی صد ہیں، سیکیورٹی کی خراب صورت حال کے باعث نہیں کھولے جائیں گے۔

نیٹو فورسز نے الیکشن کے موقع پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے سلسلے میں کئی عسکریت پسندوں کو یا تو گرفتار یا پھر ہلاک کردیا ہے۔

جمعے کے روز افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے ہال بروک نے اسلام آباد میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے پارلیمانی انتخابات کے شفاف انعقاد کا امکان کم ہے کیونکہ جنگ کے دوران ایسے الیکشن کرانا جو مکمل طورپر شفاف ہوں، بہت مشکل ہے۔

ایک اور خبر کے مطابق نیٹو نے کہاہے کہ جمعے کے روز جنوبی افغانستان میں شورش پسندوں کے ساتھ جھڑپوں میں اس کے دو اہل کار ہلاک ہوگئے۔

نیٹو کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز افغان اور اتحادی افواج نے صوبے غزنی میں نیٹو اور افغان فوج کے لیے کام کرنے والے تین اغوا شدہ کارکنوں کو آزاد کرالیا۔

XS
SM
MD
LG