رسائی کے لنکس

افغانستان: شادی کی تقریب میں مسلح تصادم ، 21 افراد ہلاک


افغان سکیورٹی فورسز
افغان سکیورٹی فورسز

صوبائی پولیس کے سربراہ عبدالجبار نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور پولیس اس میں ملوث تمام عناصر کو گرفتار کرے گی۔

افغانستان میں شادی کی ایک تقریب میں شریک حریف گروہوں کے درمیان مسلح تصادم میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

شمالی افغانستان کے حکام کے مطابق بغلان صوبے میں ایک شادی کی تقریب میں شریک ایک گروپ نے دوسرے گروپ پر فائرنگ کر دی جس میں آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس واقعہ میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد شادی کی تقریب میں بطور مہمان شریک تھے جن کی عمریں 14 اور 60 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ اس لڑائی میں شریک دونوں حریف گروپوں کے درمیان ایک طویل عرصے سے عداوت چلی آ رہی تھی۔

افغانستان کے قدامت پسند معاشرے میں خاندانی عداوتیں ایک طویل عرصے تک چلتی ہیں جو اکثر اوقات مسلح تصادم کی شکل اختیار کر لیتی ہیں۔

صوبائی پولیس کے سربراہ عبدالجبار نے خبر رساں ادارے "روئٹرز" کو بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور پولیس اس میں ملوث تمام عناصر کو گرفتار کرے گی۔

جنگ سے تباہ حال ملک افغانستان میں گزشتہ سال بین الاقوامی افواج کا لڑاکا مشن مکمل ہونے کے بعد سے غیر ملکی فوجوں کا انخلا مکمل ہو چکا ہے لیکن یہاں طالبان کی پرتشدد کارروائیوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو چلا ہے۔

XS
SM
MD
LG