رسائی کے لنکس

افغان رکن پارلیمان کےگھر پرنیٹو کا چھاپا، ایک شخص ہلاک


افغان رکن پارلیمان کےگھر پرنیٹو کا چھاپا، ایک شخص ہلاک
افغان رکن پارلیمان کےگھر پرنیٹو کا چھاپا، ایک شخص ہلاک

نیٹو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک مسلح شخص کو گولی مار کر اُس وقت ہلاک کردیا گیا ، جب اُس نے کئى بار درخواست کے باوجود اپنا ہتھیار رکھ دینے سے انکار کردیا تھا

افغان پالیمنٹ کی ایک رُکن نے کہا ہے نیٹو کے فوجیوں نے گذشتہ رات مشرقی افغانستان میں اُن کے گھر پر چھاپا مارا اور اُن کے ایک رشتے دار کو ہلاک کردیا۔

پارلیمنٹ کی رُکن صفیہ صدیقی، جن کا تعلق صوبہ ننگر ہار سے ہے، چھاپے کے وقت گھر میں نہیں تھیں۔انہوں نے کہا ہے کہ نیٹو کے فوجیوں نے اُن کے خاندان کے کچھ افراد کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے اور اُن کے ایک ہمسائے کو ہلاک کردیاجو اُن کا ایک سُسرالی رشتے دار بھی تھا۔اُنہوں نے کہا ہے کہ فوجیوں نے افغان پولیس کو اس واقعے میں مداخلت کرنے سے روک دیا تھا۔

نیٹو نے جمعرات کے روز اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ افغانستان اور نیٹو کی فوجوں کی ایک مشترکہ کارروائى تھی ، جو ننگرہار میں جنگجوؤں کی سرگرمیوں کی اطلاعات ملنے پر کی گئى تھی۔ نیٹو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک مسلح شخص کو گولی مار کر اُس وقت ہلاک کردیا گیا ، جب اُس نے کئى بار درخواست کے باوجود اپنا ہتھیار رکھ دینے سے انکار کردیا تھا۔

افغان پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی چھان بین کررہی ہے۔

گذشتہ رات کے چھاپے میں ایک شخص کی ہلاکت پر احتجاج کرنے کے لیے برہم لوگ جمعرات کے روز سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے امریکہ کے خلاف نعرے لگائے۔

عام شہریوں کے جانی نقصان اور اس کے باعث نکتہ چینی سے بچنے کے لیے افغانستان میں امریکہ کے چوٹی کے کمانڈر جنرل سٹینلی میک کرِسٹل نے فوج کو حکم دیا ہے کہ جب بھی ممکن ہو وہ رات کے وقت چھاپے مارنے سے احتراز کرے۔

اِسی دوران ، فرانسیسی فوج نے کہا ہے کہ اُس کے فوجیوں نے اس ماہ کے شروع میں کابل کے مشرق میں باغیوں کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران غلطی سے چار افغان عام شہریوں کو ہلاک کردیا تھا۔

فراسیسی مسلح افواج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ چھ اپریل کو کپیسا کے علاقے میں باغیوں کے خلاف لڑائى کے دوران اُس کے فوجیوں کے فائر کیے ہوئے ایک راکٹ سے وہ چاروں افراد ہلاک ہوئے تھے، جو دشمن کے ٹھکانے کے قریب درختوں کے نیچے چُھپے ہوئے تھے۔

جمعرات کے روز ہی نیٹو نے کہا ہے کہ اُس نے صوبہ خوست میں افغان فوج کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ کارروائى میں حقانی گروپ کے دوارکان اور دو اور جنگجوؤں کو گرفتار کرلیا۔حقانی گروپ کا القاعدہ کے ساتھ تعلق ہے۔

نیٹو نے کہا ہے کہ حقانی گروپ کے گرفتار کیے جانے والے دونوں ارکان جنگجوؤں کو ہتھیار فراہم کرنے اور سڑکوں کے کنارے بموں کے دھماکوں کے ذمّے دار ہیں۔

اور صوبہ لغمان میں پولیس نے کہا ہے کہ کسی خود کُش حملہ آور نے ایک افغان فوجی کو ہلاک اور دو کو زخمی کردیا۔


XS
SM
MD
LG