رسائی کے لنکس

افغان صدر کے منصوبے کے لیے کلنٹن کی حمایت



امریکی وزیرِخارجہ ہلری کلنٹن نے کہا ہے کہ طالبان لشکریوں کو دوبارہ معاشرے کا حصّہ بنانے کے بارے میں افغان صدر حامد کرزئى کے منصوبے سے افغانستان کو مزید استحکام اور سلامتی مِلے گی۔

وزیرِ خارجہ کلنٹن نے جمعرات کے روز لندن میں تقریباً 70 ملکوں کے اُن مندوبین سے خطاب کیا، جو افغانستان کو مستحکم کرنے اور افغان جنگ کو کسی اختتام تک پہنچانے کی کوئى حکمت عملی وضع کرنے کے بارے مذاکرات کے لیے برطانیہ میں یکجا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحیح ترغیبات فراہم کی جائیں تو بہت سے نچلی سطح اور درمیانی سطح کے طالبان لشکری افغان جمہوریت کا ایک حصّہ بن سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ تشدّد کو ترک کردیں اور افغانستان کے آئین کے تمام تقاضوں کو قبول کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ، طالبان کی معاشرے میں از سرِ نو بحالی کی کوششوں مدد کے لیے کسی بین الاقوامی ٹرسٹ فنڈ کے آغاز کا منتظر ہے۔

اس سے پہلے افغان صدر کرزئى نے طالبان کی از سرِ نو بحالی کے اُس منصوبے کا باضاطہ اعلان کیا، جس کا مقصدطالبان لشکریوں کو ملازمت اور رہائشی سہولت کی پیشکش کے ساتھ دوبارہ معاشرتی دھارے میں شامل ہوجانے کی ترغیب دینا ہے۔

مسٹر کرزئى نے مندوبین سے کہا ہے کہ افغانستان کو لازماً اُن بھائیوں تک ہاتھ بڑھانا چاہئیے، جن کی آنکھیں کُھل گئى ہیں اور جو القاعدہ یاکسی اور دہشت گرد نیٹ ورک کا حصّہ نہیں ہیں۔

افغان صدر نے قیامِ امن کے عمل کی مدد کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کی جانب سے حمات کا مطالبہ بھی کیا۔

مسٹر کرزئى نے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں قومی مصالحت پر غور کر نے کے لیے عمائدین کا کوئى امن جرگہ طلب کریں گے۔

XS
SM
MD
LG