رسائی کے لنکس

افغانستان: یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بات چیت جاری


حکام کے مطابق یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مقامی عمائدین اور طالبان کے مابین مذاکرات جاری ہیں

افغان حکام نے ان غیر ملکی شہریوں کی جلد رہائی کی امید ظاہر کی ہے جنہیں منگل کو ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد طالبان نے یرغمال بنالیا تھا۔

صوبہ لوگر کے حکام کے مطابق یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مقامی عمائدین اور طالبان کے مابین مذاکرات جاری ہیں اور امید ہے کہ مغویوں کی رہائی آئندہ چند گھنٹوں میں عمل میں آسکتی ہے۔

صوبہ لوگر کے گورنر کے ترجمان دین محمد درویش نے برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ قبائلی عمائدین یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جاری کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ طالبان کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں۔

خیال رہے کہ ایک روسی 'ایم آئی-8' ہیلی کاپٹر کو اتوار کی سہ پہر خراب موسم کے باعث صوبہ لوگر کے دور دراز ضلعے ازرا میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی جس کے بعد علاقے میں سرگرم جنگجوو ں نے ہیلی کاپٹر میں سوار آٹھ ترک انجینئروں، ایک افغان اور ہیلی کاپٹر کے دونوں روسی پائلٹوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔

بعدازاں طالبان کے ایک ترجمان نے ہیلی کاپٹر کے تمام مسافروں کو یرغمال بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔

صوبہ لوگر کی پولیس کےنائب سربراہ رئیس خان صادق کے مطابق پیر کو ایک پولیس پارٹی علاقے میں روانہ کی گئی تھی جسے نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد واپس آنا پڑا۔

پولیس افسر کےمطابق ضلعے میں افغان یا نیٹو فوجی تعینات نہیں جس کے باعث انہیں پولیس پارٹی کی مدد کے لیے طلب نہیں کیا جاسکا۔

رئیس خان صادق نے بتایا کہ طالبان نے ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 11 افراد کو حراست میں لینے کے بعد ضلع ازرا سے متصل صوبے ننگرہار کے ضلع ہیسارک منتقل کردیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق طالبان کے ساتھ علاقہ عمائدین کے مذاکرات جاری ہونے کے سبب یرغمالیوں کی رہائی کےلیے کسی فوجی کاروائی کی منصوبہ بندی نہیں کی جارہی۔

حکام نے بتایا ہے کہ یرغمال ترک انجینئرز ایک تعمیراتی کمپنی سے منسلک ہیں جو مشرقی سرحدی صوبے خوست کے دورے کے بعد کابل واپس آرہے تھے کہ ان کے ہیلی کاپٹر کو موسم کی خرابی کےباعث ایک ویران علاقے میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

افغان حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر ایک نجی کمپنی 'خراسان کارگو ایئر لائن' سے کرایے پر حاصل کیا گیا تھا جسے طالبان نے مسافروں کو یرغمال بنانے کےبعد نذرِ آتش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG