رسائی کے لنکس

نیٹو کے کمانڈر کو طالبان کے ساتھ امن سمجھوتے کی اُمید


جنرل سٹینلی میک کرسٹل
جنرل سٹینلی میک کرسٹل


افغانستان میں نیٹو کے چوٹی کے کمانڈر، امریکی جنرل سٹینلی میک کرسٹل نے کہا ہے کہ انہیں اُمید ہے کہ افغانستان میں امریکی فوجوں کی تعداد میں اضافے کے نتیجے میں طالبان کے ساتھ قیامِ امن کا کوئى سمجھوتا ہوجائے گا۔

پیر کے روز فنانشل ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں جنرل میک کرسٹل نے کہا ہے کہ وہ مزید 30 ہزار امریکی فوجیوں کی بغاوت کو اس حد تک کمزور کردینے کے لیے استعمال کریں گے کہ باغیوں کے لیڈر افغان حکومت کے ساتھ کوئى سمجھوتا کرنے پر مجبور ہوجائیں۔

میک کرسٹل نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ایک بار اگر لڑائى بند ہو جائے تو طالبان کے لیڈر حکومت میں شامل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ”اگر نظریں ماضی کے بجائے مستقبل پر ہوں“ تو کوئى بھی افغان شہری حکومت میں کوئى کردار ادا کرسکتا ہے۔

امریکی جنرل نے کہا ہے کہ وہ افغانستان کے بارے میں اس ہفتے ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے بارے میں یہ اُمید رکھتے ہیں کہ کانفرنس میں شریک ملک، بغاوت کو ختم کرنے کے لیے اُن کی حکمت عملی کی حمایت کریں گے۔ افغانستان میں اتحاد کے جانی نقصان میں اضافے اور افغان حکومت کی داغدار شہرت پر بین الاقوامی برادری تشویش کا اظہار کرتی رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG