رسائی کے لنکس

ایمیزون پر 'بھارتی پرچم والے ڈورمیٹ' کی فروخت بند


قبل ازیں بھارتی حکومت نے دھمکی دی تھی کہ اگر امریکی کمپنی نے ان کی فروخت بند نا کی تو ایمیزون کے ملازمین کے ویزے منسوخ کر دیے جائیں گے۔

بھارت کی طرف سے تنقید کے بعد اشیاء کی آن لائن فروخت کی کمپنی ایمیزون نے بدھ کو بھارت کے پرچم کے ’’ڈورمیٹ‘‘ یعنی (دروازے پر جوتوں کی گرد وغیرہ صاف کرنے کے لیے بچھایا ہوا پائیدان) کو اپنی ویب سائیٹ سے ہٹا دیا ہے۔

قبل ازیں بھارتی حکومت نے دھمکی دی تھی کہ اگر امریکی کمپنی نے ان کی فروخت بند نا کی تو ایمیزون کے ملازمین کے ویزے منسوخ کر دیے جائیں گے۔

بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ "ایمیزون غیر مشروط معافی مانگے (اور) وہ فوری طور پر ان تمام مصنوعات کو ہٹا دیں جو ہمارے قومی جھنڈے کی توہین ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "اگر ایسا فوری طور پر نا کیا گیا تو ہم ایمیزون کے کسی بھی عہدیدار کو بھارت کا ویزہ نہیں دیں گے۔"

یہ ڈور میٹس ایمیزون کی ایک ویب سائٹ پر ایک تیسری پارٹی بیچ رہی تھی تاہم بدھ دیر گئے انہیں ویب سائیٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ایمیزون کے ایک ترجمان نے ای میل میں کہا کہ "یہ چیز اب فروخت کے لیے (ویب) سائٹ پر موجود نہیں ہے۔"

اگرچہ ایمیزون کینیڈا میں دیگر ملکوں کے پرچموں کی طرح بنے ہوئے ’’ڈور میٹ‘‘ فروخت کرتی ہے تاہم بھارتی قانون کے تحت اس کے قومی جھنڈے کی کسی بھی طرح کی بے حرمتی کی سزا قید اور جرمانہ ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج نے ٹویٹ میں کینیڈا میں بھارتی ہائی کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے کو ایمیزون کے ساتھ اٹھائے۔

XS
SM
MD
LG